Maktaba Wahhabi

71 - 308
209۔حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ نے کہا کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا:’’ میرے گھر اور منبر کی درمیانی جگہ جنت کے باغوں میں سے ایک باغ ہے اور میر ا منبر (قیامت کے دن) میرے حوض پر ہو گا۔ ‘‘ ﴿وضاحت: بلاشبہ یہ فضیلت کسی اور خطہ ارض کو حاصل نہیں حقیقتاً یہ حصہ جنت ہی کا ہے اور عالم آخرت میں اسے جنت ہی کا حصّہ بنا دیا جائے گا﴾ کتاب ا لعمل فی ا لصلاۃ .... نماز میں کوئی کام کرنے کا بیان 210۔حضرت عبداﷲ بن مسعود رضی اللہ عنہ نے کہا کہ ہم رسول اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کو (شروع اسلام میں)سلام کیا کرتے تھے حالانکہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نماز میں ہوتے اور آپ صلی اللہ علیہ وسلم ہمیں جواب بھی دیا کرتے تھے لیکن نجاشی (حبشہ کا بادشاہ) کے پاس سے لوٹ کر آنے کے بعد ہم نے آپ صلی اللہ علیہ وسلم کو نماز میں سلام کیا تو آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے جواب نہ دیا اور فراغت کے بعد فرمایا کہ نماز میں مصروفیت ہوا کرتی ہے۔ ﴿ وضاحت: یعنی اُسکے بعد نماز میں باتیں کرنے کی ممانعت نازل ہوئی﴾ 211۔حضرت زید بن ارقم رضی اللہ عنہ نے کہا کہ ہم نماز میں ایک دو سرے سے گفتگو کیا کرتے تھے حتیٰ کہ یہ آیت نازل ہوئی:۔ (ترجمہ) : ’’نمازوں کی حفاظت کرو اور (خاص کر) درمیانی نماز کی اور اﷲ تعالیٰ کے سامنے ادب سے کھڑے رہو‘‘۔ (2:238)۔ پھر ہمیں نماز میں خاموش رہنے کا حکم دیا گیا۔ ﴿وضاحت: دوران نماز ہر قسم کی دنیاوی بات کرنا منع ہے﴾ 212۔نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا:’’ تالی بجانا عورتوں کیلئے ہے اور سبحان ا للّٰہ کہنا مردوں کیلئے ہے۔‘‘(عن ابی ہریرہ رضی اللہ عنہ) ﴿وضاحت: جب نماز میں امام کچھ بھول جائے تو مقتدیوں کو اس طرح امام کو مطلع کرنا چاہیے نیز اس حدیث سے عورتوں کا باجماعت نماز پڑھنا بھی ثابت ہوا﴾ 213۔حضرت معیقیب رضی اللہ عنہ نے کہا کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے اس شخص سے جو (نماز میں)سجدہ کی جگہ مٹی ہموار کر رہا تھا یہ فرمایا کہ اگر تم یہ کرنا ہی چاہتے ہو تو ایک دفعہ سے زیادہ نہ کرو۔
Flag Counter