378۔ رسول اﷲ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا:’’ کوئی دو سرے کے جانور کا دودھ اسکے مالک کی اجازت کے بغیر نہ دوھے۔ کیا تم میں کوئی اس بات کو پسند کرے گاکہ کوئی اس کے گودام میں آ کر اس کے غلے کا منہ کھولے اور غلہ لے کر چل دے۔ ایسے ہی جانوروں کے تھن ان کے کھانے (دودھ) کے گودام ہیں تو کسی کا جانور بغیر اس ( اسکے مالک )کی اجازت کے ہر گز نہ دوھے۔ ‘‘ (عن عبداﷲ بن عمر رضی اللہ عنہما )﴿وضاحت: لیکن جان بچانے کیلئے بغیر اجازت کے بھی دودھ دوہا جا سکتا ہے﴾
کتا ب ا لمظا لم .... ظلم کا بیان
379۔ رسول اﷲ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ’’جب ایمان دار لوگ (قیامت کے دن) دوزخ پر سے گزر جائیں گے تو جنت اور دوزخ کے درمیان ان کو ایک پل پر روک لیا جائے گا اور دنیا میں جو ا نہوں نے ایک دو سرے پر ظلم کیا تھا اس کا بدلہ لیا جائے گا جب پاک صاف ہو جائیں گے تو ان کو جنت کے اندر جانے کی اجازت ملے گی۔ قسم ہے اس ذات کی جس کے ہاتھ میں محمد صلی اللہ علیہ وسلم کی جان ہے ہر شخص کو جنت میں اپنا مکان دنیا کے مکان سے بڑھ کر معلوم رہے گا۔ ‘‘(عن ابی سعید خدر ی رضی اللہ عنہ )
380۔ رسول اﷲ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ’’مسلمان مسلمان کا بھائی ہے نہ خود اس پر ظلم کرے اور نہ ظلم ہونے دے اور جو شخص اپنے مسلمان بھائی کا کام نکالے تو اﷲ تعالیٰ اس کا کام نکال دے گا اور جو شخص مسلمان پر سے کوئی مصیبت دور کرے گا تو اﷲ تعالیٰ قیامت کی مصیبت اس پر سے دور فرمائے گا اور جو شخص مسلمان کا عیب چھپا لے تو اﷲ تعالیٰ قیامت کے دن اس کے عیب چھپائے گا۔‘‘ (عن عبداﷲ بن عمر رضی اللہ عنہما )
381۔ رسول اﷲ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا:’’ اپنے بھائی کی مدد کرو وہ ظالم ہو یا مظلوم۔ ‘‘ لوگوں نے عرض کیا ’’یا رسول اﷲ صلی اللہ علیہ وسلم وہ مظلوم ہو تو اس کی مدد کریں گے لیکن ظالم ہو تو کیسے مدد کریں ؟‘‘ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرما یا: ’’اس کو ظلم سے روکو۔‘ ‘(عن انس بن مالک رضی اللہ عنہ )
﴿وضاحت: ظالم کو ظلم سے روکنا ہی ظالم کی مدد ہے
|