﴿وضاحت: رسول اﷲ صلی اللہ علیہ وسلم سے کھانے کے بعد کئی اوردعائیں بھی پڑھنا ثابت ہیں اگر وہ بھی یاد ہوں تو وہ بھی پڑھ لینی چاہئیں (فتح الباری)﴾
703۔حضرت ابو ہریرہ رضی اللہ عنہ نے کہا کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا:۔’’جب تم میں کسی شخص کاخادم اس کاکھانالائے تو اگر وہ اسے اپنے ساتھ نہیں بٹھا سکتا تو کم از کم ایک یا دو لقمہ اسے کھلا دے(کیونکہ) اس نے(پکاتے وقت) اس کی گرمی اور پکانے کی مشقت برداشت کی ہے۔‘‘
﴿وضاحت: کچھ نہ کچھ خادم کو دینا چاہیے﴾
704۔حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا نے کہا کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایاکہ جب نماز کھڑی ہو جائے اور رات (یا دن)کا کھانا سامنے رکھا ہو تو پہلے کھانا کھا لو۔﴿وضاحت: کھانا سامنے ہو اور بھوک بھی لگی ہو تو پہلے کھانا کھالینا چاہیے تاکہ بعد میں نماز سکون سے ادا کی جاسکے﴾
کتا ب ا لعقیقہ ....عقیقہ کا بیان
٭ عقیقہ وہ قربانی جو ساتویں دن بچے کا سر منڈانے کے وقت کی جاتی ہے۔ ساتویں دن عقیقہ کے ساتھ بچے کا نام رکھنا سر منڈانا اور اس کے با لوں کے وزن کے برابر چاندی خیرات کرنا سنت ہے۔
705۔ابو موسیٰ اشعری رضی اللہ عنہ نے کہاکہ میرے ہاں ایک لڑکا پیدا ہوا تو میں اسے نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی خدمت میں لے آیا۔ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے اس کا نام ابراہیم رکھا اور کھجور چبا کر اس کے تالو (منہ) میں لگائی اور اس کے لئے برکت کی دعا فرمائی پھر وہ بچہ مجھے دے دیا۔
706۔حضرت سلمان عا مر ضبی رضی اللہ عنہ نے کہا کہ میں نے رسول اﷲ صلی اللہ علیہ وسلم سے سنا : ’’لڑکے کے ساتھ اس کا عقیقہ لگا ہوا ہے ( یعنی عقیقہ ضروری ہے) لہٰذا اس کی طرف سے عقیقہ کرو اور خون بہاؤ۔ نیز اس کی تکلیف (بیماری، حادثہ وغیرہ) دور کرو۔‘‘
﴿وضاحت:ایک روایت میں ہے کہ رسول اﷲ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرما یا:’’ تم لڑکے کی طرف سے دو اور لڑکی کی طرف سے ایک جانور(بکری یا بکرا وغیرہ) ذبح کرو۔‘‘ (فتح الباری)﴾
707۔حضرت ابو ہریرہ رضی اللہ عنہ نے کہا کہ رسول اﷲ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا فرع اور عتیرہ کوئی چیز نہیں ہے۔
|