Maktaba Wahhabi

126 - 169
اکابر کا اصاغر سے اور اصاغر کا اکابر سے روایت کرنا مفرداتِ باب الاکابر: ....باب نصر وَکَرُمَ سے اسم تفضیل، اَکبَرُ کی جمع ہے اکابر، ہفت اقسام سے صحیح۔ الاصاغر: ....باب شَرُفَ سے اسم تفضیل اَصْغَر کی جمع ہے اصاغر، ہفت اقسام سے صحیح۔ عبادلۃ: ....یہ ایسے صحابیوں کو کہا جاتا ہے جن کا نام عبداللہ ہے یعنی عبداللہ بن مسعود، عبداللہ بن عمر، عبداللہ بن عباس، عبداللہ بن زبیر ( رضی اللہ عنہم)۔ ٭٭....٭٭ روایۃ الاکابر عن الاصاغر: کسی راوی کا اپنے سے عمر، علم یا حفظ میں کم آدمی سے روایت کرنا۔ جیسا کہ محمد بن شہاب الزہری کا امام مالک سے روایت کرنا اور امام مالک کا عبداللہ بن دینار سے روایت لینا۔ صحابہ کا تابعین سے روایت کرنا بھی اسی قسم سے تعلق رکھتا ہے جیسا کہ عبادلہ وغیرہ کا جناب کعب الاحبار سے روایت لینا۔ اسی طرح آباء کا ابناء سے روایت کرنا بھی اسی نوع سے تعلق رکھتا ہے۔ اس کی معرفت کے فوائد میں سے سند میں قلب کا گمان ہونے سے بے خوفی ہے کیونکہ عموماً چھوٹے بڑوں سے روایت لیتے ہیں۔ روایۃ الاصاغر عن الاکابر: راوی کا اپنے سے عمر، علم یا حفظ میں بلند تر آدمی سے روایت لینا۔ دنیا میں رائج طریقہ یہی ہے۔ ابناء کا اٰباء سے اور اٰباء کا اجداد سے روایت لینا اسی نوع سے متعلق ہے۔
Flag Counter