Maktaba Wahhabi

95 - 292
خبر مردود(اسکی تعریف) اور ردّ (خبر) کے اسباب (اور اس کی اقسام) ۱۔ مردود کی تعریف: [1] ’’(اصطلاح میں ) خبر مردود اس خبر کو کہتے ہیں جس کی خبر دینے والے کا صدق راجح نہ ہو۔‘‘ اور اس کی صورت یہ ہے کہ اس خبر میں گزشتہ مذکورہ صحت حدیث کی ایک یا متعدد شروط مفقود ہوں (یعنی اس حدیث کا ثبوت، قبولیت کی ایک یا چند شروط کے مفقود ہونے کی وجہ سے راجح نہ ہو) [2] ۲۔ خبر مردود کی اقسام اور خبر کے مردود ہونے کے اسباب : علماء نے خبر مردود کو متعدد اقسام میں تقسیم کیا ہے[3]اور ان میں اکثر اقسام کا ایک خاص نام تجویز کیا ہے، جب کہ بعض کا کوئی خاص نام نہیں رکھا۔ بلکہ اس کو ’’ضعیف‘‘ کے عام نام سے یاد کیا ہے۔ ردِ حدیث کے بے شمار اسباب ہیں لیکن فی الجملہ یہ سب اسباب دو بنیادی اور اساسی اسباب کی طرف راجح ہوتے ہیں جو یہ ہیں : الف: …اسناد میں (کسی راوی کا) سقوط ب: …(اسناد کے) کسی راوی میں طعن انہی دونوں اسباب کے تحت متعدد اقسام آتی ہیں ۔ ہم ان جملہ اقسام پر تین مستقل مقاصد میں تفصیلی بحث اور کلام کریں گے۔ ان شاء اللہ اور اس کی ابتداء ہم ’’مقصدِ اوّل ’’ضعیف‘‘ سے کرتے ہیں جو ’’مردود‘‘ کا اسمِ عام ہے۔ (یا دوسرے لفظوں میں حدیث مردود کا دوسرا عنوان ’’ضعیف‘‘ ہے)۔ [4]
Flag Counter