Maktaba Wahhabi

100 - 292
مقصد دوم سند میں سقوط کی وجہ سے ’’خبر مردود‘‘ کا بیان ۱۔ سند سے سقوط کا معنی: سند سے سقوط کا مطلب یہ ہے کہ ایک یا اکثر راوی کا سند میں ذکر نہ ہونے سے سند کا سلسلہ ٹوٹ جائے چاہے ایسا کسی راوی سے عمداً ہوا ہو یا غیر عمداً اور یہ سقوط (یعنی کسی راوی کا ذکر ہونے سے رہ جانا اور سلسلہء سند کا ٹوٹ جانا) سند کے شروع سے ہو یا آخر سے یا درمیان سے، اور یہ سقوط چاہے ظاہری ہو یا خفی ہو (اس کو سند سے سقوط کہتے ہیں )۔ ۲۔سقوط کی اقسام: سند سے سقوط اپنے ظہور اور خفاء کے اعتبار سے دو (بنیادی) اقسام میں منقسم ہوتا ہے جو یہ ہیں : الف: …سقوطِ ظاہری: یہ سقوط کی وہ قسم ہے جس کا علم اور معرفت حضرات ائمہ کرام اور علوم حدیث میں مشغول رہنے والے سب لوگوں کو حاصل ہوتی ہے۔(دوسرے لفظوں میں یوں کہہ سکتے ہیں کہ سقوط کی اس قسم کی معرفت کے لیے نہ تو زیادہ بحث و تحقیق کی ضرورت ہوتی ہے اور نہ ازحد فکر و نظر اور تلاش و جستجو کی احتیاج ہی ہوتی ہے) اور سند سے سقوط کی اس قسم کی معرفت (بہت آسان ہے اور وہ) یوں حاصل ہوتی ہے کہ راوی اور اس کے شیخ کے درمیان ملاقات ثابت نہیں ہوتی (کہ راوی جن کو اسناد میں اپنا شیخ ظاہر کرتا ہے اور ان سے اپنا سماع ثابت کرتا ہے، درحقیقت اس راوی سے ان کی ملاقات ثابت نہیں ہوتی) اور اس کی دو صورتیں ہیں : یا تو راوی نے اپنے شیخ کا زمانہ نہیں پایا ہوتا(دوسرے لفظوں میں دونوں کا زمانہ ایک نہیں ہوتا) یا راوی نے شیخ کا زمانہ تو پایا ہوتا ہے لیکن دونوں کو ایک جگہ اکٹھے ہونے کی نوبت نہیں آئی ہوتی اور نہ اس راوی کو مذکورہ شیخ سے (اس حدیث کی مذکورہ اسناد کے ساتھ حدیث کی روایت کی) ’’اجازت ہوتی ہے اور نہ ’’وِجَادۃ‘‘ ہی حاصل ہوتی ہے۔[1]
Flag Counter