Maktaba Wahhabi

92 - 169
کیونکہ امام بخاری نے اسی حدیث کو آدم بن ابی ایاس کی سند سے عن شعبۃ عن محمد بن زیاد عن ابی ہریرۃ رضی اللہ عنہ روایت کیا ہے کہ انہوں نے کہا: وضو اچھی طرح کیا کرو کیونکہ جناب ابو قاسم حضرت محمد صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ایڑیوں کے لیے جہنم کی ہلاکت ہے۔ اس حدیث کو ذکر کرنے کے بعد خطیب بغدادی نے کہا: حدیث میں اس ترتیب پر جو ہم نے بیان کی ابوقطن اور شبابہ بن سوار کو شعبہ سے روایت لینے میں وہم ہوا ہے۔ اس کی دوسری مثال حضرت ابن مسعود رضی اللہ عنہ کی حدیث ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ((اَلْطِّیَرَۃُ شِرْکٌ وَمَا مِنَّا اِلاَّ وَلٰکِنَّ اللّٰہَ یُذْھِبُہُ بِالتَّوَکُّلِ)) ’’بدشگونی شرک ہے، ہم میں سے کوئی بھی ایسا نہیں کہ جسے بدشگونی کا خیال نہ آتا ہو مگر اللہ تعالیٰ اسے توکل کی وجہ سے دور کر دیتا ہے۔‘‘ اس حدیث کو امام ترمذی نے روایت کیا اور کہا ’’حدیث حسن صحیح‘‘ نیز کہا: میں نے امام بخاری محمد بن اسماعیل رحمہ اللہ سے سنا کہ یہ جملہ ’’وَمَا مِنَّا اِلاَّ‘‘ الخ میرے نزدیک حضرت عبداللہ بن مسعود رضی اللہ عنہ کی کلام ہے (نہ کہ نبی صلی اللہ علیہ وسلم کی)۔ ٭٭٭
Flag Counter