بدعتی کی شاگردی اختیار نہ کرو۔
امام فضیل بن عیاض فرماتے ہیں :’’ جو شخص کسی بدعتی کی مجلس اختیار کرے گا علم و حکمت سے محروم رہے گا۔‘‘
(تذکرۃالحفاظ: ۱ / ۲۰۰)
حدیث کس سے پڑھیں ؟
امام عبد اللہ بن مبارک رحمہ اللہ سے کسی نے پوچھا ہم علم حدیث کس سے سیکھیں ؟ فرمایا:’’جس نے علم اللہ تعالیٰ کے لیے پڑھا ہو۔‘‘
(تذکرۃ الحفاظ : ۱ / ۲۲۰)
طلب علم میں بھوکا ہوکر اپنی بھوک بھول جاؤ:
امام نضر بن شمیل فرماتے ہیں :’’جب تک آدمی طلب علم میں بھوکا ہو کر اپنی بھوک کو نہ بھولے علم کی لذت سے لطف اندوز نہیں ہوسکتا۔‘‘
(تذکرۃالحفاظ: ۱ / ۴۳۳)
محدث کون ہے؟
علامہ مروان بن محمد دمشقی رحمہ اللہ فرماتے ہیں :’’محدث کے لیے تین چیزوں کا ہونا ضروری ہے۔ صداقت ، حافظہ اور صحیح کتابیں ۔اگر اس کے پاس صداقت اور صحیح کتابیں ہو ں توکبھی ضعیف نہیں ہو سکتا اس لیے کہ جب اسے حدیث یاد نہ رہے تو اپنی صحیح کتابوں کی طرف رجوع کر سکتا ہے۔‘‘
(تذکرۃالحفاظ: ۱ / ۲۶۷)
امیر المؤمنین فی الحدیث امام محمد بن اسمٰعیل البخاری رحمتہ اللہ علیہ کی نصیحتیں :
امام بخاری رحمتہ اللہ علیہ رقمطراز ہیں :’’فراغت کے وقت رکوع(نماز) کی فضیلت حاصل کرنے کو غنیمت جانو۔‘‘
کیا معلوم تمہاری موت اچانک پہنچ جائے ۔ بہتیرے صحیح اور تندرست آدمیوں کو میں نے دیکھا کہ ان کی جان جو ہر طرح صحیح سالم تھی، اچانک جاتی رہی۔‘‘
|