Maktaba Wahhabi

109 - 134
ملامت نہ کرنا: زیادہ ڈانٹ سننا آدمی کے اپنے لیے باعث ندامت ثابت ہوتا ہے اس سے بچہ ضد کرنے لگتا ہے یہی وجہ ہے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم اس سے بہت گریز کرتے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے تربیت یافتہ صحابی سیدنا انس  فرماتے ہیں مجھے دس سال تک نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی خدمت کا شرف حاصل ہوا اللہ کی قسم نہ تو کبھی آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے مجھے اف کہا اور نہ یہ کہا کہ تم نے ایسے کیوں کیا یا ایسے کیوں نہیں کیا۔[1] راز چھپانے کی تلقین: سیدناعبد اللہ بن جعفر رضی اللہ عنہما کا بیان ہے ایک دن رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے مجھے اپنے پیچھے سواری پر بٹھالیا اس کے بعد مجھے ایک راز کی بات بتائی جسے میں لوگوں میں سے کسی کو نہ بتاؤ ں گا[2]۔ بچوں کے ساتھ کھانا کھانا: سیدناعمر وبن سلمہ رضی اللہ عنہ بیان کرتے ہیںایک دفعہ کھانے کے دوران میں اپنے ہاتھ کو برتن میں جا بجا گھما رہا تھا تو آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا۔ اے لڑکے ! بسم اللہ پڑھ لیا کرو۔ اپنے دائیں ہاتھ سے اور اپنے قریب سے کھایا کرو۔ بچوں کے لیے نظر بد کا دم: سیدناابن عباس رضی اللہ عنھما سے روایت ہے کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم اپنے نواسوں حسن اور حسین رضی اللہ عنھماکو نظر بد اور تکلیف سے محفوظ رکھنے کے لیے یہ دعاپڑھ کر دم کرتے تھے۔ ’’ اُعِیْذُ کُمَا بِکَلِمَاتِ اللہِ التَّامَّۃِ مِنْ کُلِّ شَیْطَانٍ وَّھَامَّۃٍ وَّمِنْ کُلِّ عَیْنٍ لَّامَّۃٍ ‘‘ [3] ترجمہ: میں تم دونوں کو اللہ کے مکمل کلمات کی پناہ دیتا ہوں ہر شیطان اور زہریلے جانور اور ہر نظر لگانے والی آنکھ سے۔ اس کے علاوہ معوذتین اور آیۃ الکرسی بھی پڑھنا اس کا علاج بتایا۔
Flag Counter