Maktaba Wahhabi

61 - 288
تاتاریوں اور ترکوں کا بیویوں کی کوششوں سے مسلمان ہونا: صرف یہی ایک واقعہ نہیں ہماری اسلامی تاریخ میں اس بات کی تایید وتصدیق کرنے والے متعدد شواہد موجود ہیں۔انہی میں سے دو کا ذکر مشہور مستشرق ٹی،ڈبلیو،آرنلڈ نے بایں الفاظ کیا ہے: ‘’یہ دلچسپ بات بھی قابل ذکر ہے کہ اسلام کی تبلیغ میں صرف مسلمان مردوں ہی نے کوشش نہیں کی،بلکہ عورتوں نے بھی اس کار خیر میں حصہ لیا ہے۔کئی تاتاری شہزادے ایسے گذرے ہیں جنہوں نے اپنی مسلمان بیویوں کی ترغیب سے اسلام قبول کیا۔یہی صورت بہت سے بت پرست ترکوں کے ساتھ بھی پیش آئی جو اسلامی ملکوں پر یورشیں کرتے تھے۔’‘[1] ٭٭٭ (۵)بیٹیوں کا بعض باپوں کی نظر میں خاص مقام عورتوں کی[امر بالمعروف اورنہی عن المنکر]کے میدان میں اہمیت اور حیثیت کو اجاگر کرنے والی باتوں میں سے ایک یہ بھی ہے کہ بعض باپوں کی نگاہ میں ان کی جگر کی ٹکڑیوں کی حیثیت بہت ہی زیادہ ہوتی ہے،وہ ان کے سکھ،چین،راحت اور سکون کے لیے سرتوڑ کوشش کرتے ہیں۔انہیں ان کے مستقبل کی فکر بیٹوں کے مستقبل سے بھی کہیں زیادہ ہوتی ہے۔بیٹیوں کو پہنچنے والی معمولی اذیت انہیں تڑپا دیتی ہے،ان کی نگاہوں میں بیٹوں پر آنے والی مصیبت پر صبر کرنا،بیٹیوں پر آنے والی پریشانی پر صبر کرنے سے کہیں زیادہ آسان ہوتا ہے۔
Flag Counter