Maktaba Wahhabi

45 - 52
بالخصوص جاندار اشیاء کی تصویر والے کپڑے میں نماز پڑھنا بدرجہ اولیٰ منع ہے ۔ ۴۴ ......کھانے کی موجودگی میں نماز پڑھنا: یہ بھی ایک بہت بڑی غلطی ہے اور ہم اکثر لوگوں کو دیکھتے ہیں کہ کھانا جب لگا دیا جاتا ہے اور نماز کا وقت ہو جائے تو وہ پہلے نماز پڑھنے چلے جاتے ہیں اور نماز سے پہلے کھانا کھانے کو بُرا جانتے ہیں حالانکہ نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا ہے: ’’کھانے کی موجودگی میں نماز نہیں ہوتی ‘‘۔ (صحیح مسلم:۵۶۰) اس کی وجہ یہ ہے کہ اگر آدمی کھانا چھوڑ کر نماز شروع کر ے گا تو اس کا دل کھانے میں اٹکا رہے گا اور وہ سکون و اطمینا ن سے نماز نہیں پڑھ سکے گا۔ اس لیئے نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ’’ جب شام کا کھانا لگا دیا جائے اور نماز بھی کھڑی ہو جائے تو مغرب کی نماز پڑھنے سے پہلے تم کھانا کھا لو، اور کھانا بھی جلدی جلدی نہ کھائو‘‘۔ (صحیح بخاری:۵۱۴۷، صحیح مسلم:۵۵۷) ۴۵ ......پیشاب یا پاخانہ کی حاجت کے باوجود نماز پڑھنا: ایک آدمی کو پیشاب یا پاخانہ کی حاجت تنگ کر رہی ہو اور وہ پھر بھی نماز پڑھتا رہے تو اس حرکت سے نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے منع کیا ہے کہ کوئی پیشاب یا پاخانے کی حاجت کو روک کر نماز پڑھتا رہے۔ (ابن ماجہ:۶۱۷) اگر کسی کو ایسی صورت درپیش ہو کہ باجماعت نماز کھڑی ہو جائے اور اسے بیت الخلاء جانے کی ضرورت ہو تو وہ پہلے بیت الخلاء میں جا کر اپنی حاجت پوری کرے۔ کیونکہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا:’’ اگر کسی کا خیال ہو کہ وہ بیت الخلاء جائے اور اسی اثناء میں جماعت کھڑی ہو جائے تو اسے پہلے بیت الخلاء جانا چاہیئے‘‘۔ (سنن ابوداؤد:۸۸، ترمذی:۱۰۸) نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کا فرمان ہے: ’’ کھانے کی موجودگی میں نماز نہیں ہوتی اور نہ اُس وقت جب پیشاب یا پاخانہ اسے دھکیل (نکلنے کیلیےزور لگا) رہا ہو‘‘۔
Flag Counter