’’ اور عورتیں اپنے پیر زور سے نہ ماریں کہ ان کا مخفی زیور معلوم ہو جائے۔‘‘
…شیخ ابن جبرین…
(چادر)دوپٹہ اتار رکھنا
سوال 40: میرے سر میں ایک ایسی بیماری ہے جس کی وجہ سے ڈاکٹر نے مجھے سر سے چادر اتارنے کا مشورہ دیا اور واقعتا چادر کا اوڑھنا میرے لیے نقصان دہ ہے۔ کیا میرے لیے ایسا کرنا جائز ہے؟ اور مجھے کیا کرنا چاہیے؟
جواب: ہاں اگر آپ کے پاس اجنبی(غیر محرم)لوگ موجود نہ ہوں تو آپ سر سے چادر اتار سکتی ہیں، خاوند، محرم رشتہ داروں یا صرف عورتوں کی موجودگی میں سر سے چادر اتاری جا سکتی ہے، اگر آپ بازار جانا چاہیں تو وہاں چونکہ غیر مرد ہوں گے، لہذا اس صورت میں سر، چہرہ اور دیگر اعضاء بدن کا ڈھانپنا ضروری ہے۔
…شیخ محمد بن صالح عثیمین…
پہلے بیوی کو اللہ تعالیٰ کے حکم کا پابند بنائیں
سوال 41: میں نے ایک خاتون سے شادی کر رکھی ہے، وہ بحمداللہ پردے کی پابند ہے، لیکن جس طرح ہمارے ملک میں ایک عادت سی بن گئی ہے، میری بیوی اپنے بہنوئی سے پردہ نہیں کرتی، اس کی بیوی بھی مجھ سے پردہ نہیں کرتی۔ اسی طرح میری بیوی، میرے بھائی، اپنے خالہ زاد اور پھوپھی زاد بھائیوں سے بھی پردہ نہیں کرتی۔ کیا یہ سب کچھ شرع کی خلاف ورزی ہے؟ ان حالات میں مجھے کیا کرنا چاہیے؟ جبکہ ہمارے ملک میں مذکورہ بالا لوگوں سے پردہ کرنے کی عادت نہیں ہے۔ جب کہ عملا ہمارے گھر میں بھی ایسا ہی ہوتا ہے میں بیوی کو پردہ کرنے کی تلقین کرتا ہوں تو وہ لوگ مجھے اپنی بیوی پر عدم اعتماد اور شک کرنے کا الزام دیتے ہیں۔
جواب: مذکورہ تمام لوگ اجنبی ہیں، لہذا ان کے سامنے چہرہ اور دیگر جسمانی محاسن کا کھولنا ناجائز ہے۔ اللہ تعالیٰ نے اظہار زینت کی اجازت صرف محرم رشتے داروں کے سامنے ہی دی ہے۔ حکم باری تعالیٰ ہے:
(وَلَا يُبْدِينَ زِينَتَهُنَّ إِلَّا لِبُعُولَتِهِنَّ أَوْ آبَائِهِنَّ)(النور 24؍31)
|