مقدس آیات و عبارات
سوال 50: ہم ایسے اخبارات و رسائل کا استعمال کرتے ہیں جو کہ مقدس آیات اور اسماء باری تعالیٰ پر مشتمل ہوتے ہیں، پھر انہیں کوڑا دان میں پھینک دیتے ہیں؟
جواب: جس چیز میں قرآنی آیات یا احادیث نبوی موجود ہوں انہیں بے ادبی کی جگہ پر نہیں پھینکنا چاہیے، اس لیے کہ کلام اللہ عظیم تر ہے اس کا احترام ضروری ہے۔ اسی احترام کے پیش نظر ایک جنبی(ناپاک)شخص قرآن مجید نہیں پڑھ سکتا اور بہت سے بلکہ اکثر علماء کی رائے میں بے وضو شخص اسے ہاتھ بھی نہیں لگا سکتا۔ مقدس آیات و عبارات پر مشتمل اخبارات و رسائل کو مکمل طور پر نذر آتش کر دینا یا بعض جدید آلات کی مدد سے اس طرح صاف کر دینا چاہیے کہ جس سے کوئی چیز باقی نہ رہے۔
…شیخ محمد بن صالح عثیمین…
باطل وصیت کرنا
سوال 51: میرے والد نے اپنی مملوکہ زرعی زمین اپنے مرنے کے بعد اپنے ایک بیٹے کے نام الاٹ کر دی، جبکہ اس بیٹے کے علاوہ اس کی چار بیٹیاں بھی ہیں کیا ایسا کرنا جائز ہے؟ اگر باپ کی زمین کو ایک بیٹے اور چار بیٹیوں میں تقسیم کیا جائے تو تقسیم کیسے ہو گی؟
جواب: اللہ تعالیٰ نے قرآن مجید میں میت کی وراثت کی تقسیم کا اصول بیان فرما دیا ہے:
﴿ يُوصِيكُمُ اللّٰهُ فِي أَوْلَادِكُمْ ۖ لِلذَّكَرِ مِثْلُ حَظِّ الْأُنثَيَيْنِ﴾(النساء 4؍11)
’’ اللہ تمہیں تمہاری اولاد کے متعلق وصیت کرتا ہے ایک مرد کا حصہ دو عورتوں کے حصے کے برابر ہے۔‘‘
نبی صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا:
(إِنَّ اللّٰه قَدْ أَعْطَى كُلِّ ذِي حَقٍّ حَقَّهُ، فَلا وَصَيَّة لِوَارِثٍ)(ابوداؤد و کتاب الوصایا، والترمذی و کتاب الوصایا)
|