رات کی آخری تہائی کی گھنٹوں میں تعیین
سوال 18: میں رات کی آخری تہائی کی تعیین گھنٹوں میں چاہتی ہوں؟
جواب: رات کے آخری ثلث(3؍1)کی گھنٹوں میں تعیین تو ناممکن ہے، لیکن ہر انسان کے لیے اس کی معرفت ممکن ہے۔ وہ یوں کہ غروب شمس سے لے کر طلوع فجر تک کے کل وقت کو تین حصوں میں تقسیم کرے، رات کے پہلے دو حصے ثلث کہلاتے ہیں جبکہ تیسرا حصہ آخری تہائی ہو گا۔
حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے ثابت ہے کہ نبی صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا:
(إِنَّ اللّٰهَ عَزَّ وَجَلَّ يَنْزِلُ كُلَّ لَيْلَةٍ حِينَ يَبْقَى ثُلُثُ اللَّيْلِ الْآخِرُ فَيَقُولُ: مَنْ يَدْعُونِي فَأَسْتَجِيبَ لَهُ؟ مَنْ يَسْأَلُنِي فَأُعْطِيَهُ؟ مَنْ يَسْتَغْفِرُنِي فَأَغْفِرَ لَهُ)(صحیح البخاری و صحیح مسلم)
’’ ہر رات کے ثلث آخر میں اللہ تعالیٰ آسمان دنیا پر اترتے ہیں اور فرماتے ہیں کون ہے جو مجھے پکارے؟ میں اس کی حاجت پوری کروں، کون ہے جو مجھ سے سوال کرے؟ میں اسے عطا کروں، کون ہے جو مجھ سے معافی چاہے؟ اور میں اسے معاف کروں۔‘‘
بندہ مومن کو چاہئے کہ(اگرچہ قلیل وقت ہی سہی)اس وقت کو غنیمت سمجھے۔ شائد اسے یہ فضل عظیم میسر آ جائے۔ شاید وہ مولائے پاک کی رحمتوں کا کوئی حصہ حاصل کر پائے اور اس طرح اس کی دعائیں شرف قبولیت سے نوازی جائیں۔
…شیخ محمد بن صالح عثیمین…
عورت کا بازار میں نماز پڑھنا
سوال 19: کیا عورتوں کا بازار میں نماز پڑھنا جائز ہے؟
جواب: مردوں کے لیے مسجد میں باجماعت نماز ادا کرنا ضروری ہے۔ جہاں تک عورت کا تعلق ہے تو اس کے لیے اس کا گھر سب سے بہتر جگہ ہے۔ اگر اسے بازار میں نماز ادا کرنے کی ضرورت پیش آ جائے اور وہاں پردے اور سترے کا اہتمام ہو تو اس میں کوئی رکاوٹ نہیں ہے۔
…شیخ محمد بن صالح عثیمین…
|