Maktaba Wahhabi

69 - 342
15۔ خوش نصیب شہسوار اللہ کے رسول صلی اللہ علیہ وسلم کو اپنے نواسوں سے شدید محبت تھی۔سیدہ فاطمۃ الزہراء رضی اللہ عنہا کے دونوں صاحبزادے سیدنا حسن اور سیدنا حسین رضی اللہ عنہما جنت کے پھول ہیں۔ اللہ کے رسول صلی اللہ علیہ وسلم نے انھیں ( سَیِّدَا شَبَابِ أَہْلِ الْجَنَّۃِ) کا لقب دیا کہ وہ دونوں جنت کے نوجوانوں کے سردار ہیں۔ ان کو اپنی گود میں بٹھاتے، ان کو چومتے اوران کے لیے دعا فرماتے۔ اللہ کے رسول صلی اللہ علیہ وسلم کے ایک صحابی کا نام شداد بن الہاد تھا ۔ ان کی اہلیہ کا نام سلمیٰ بنت عمیس تھاجو سیدہ اسماء بنت عمیس رضی اللہ عنہا کی سگی ہمشیرہ تھیں۔ سیدہ اسماء کی شادی یکے بعد دیگرے سیدنا جعفر طیار، سیدنا ابوبکر صدیق اور سیدنا علی بن ابی طالب رضی اللہ عنہم کے ساتھ ہوئی تھی۔ سلمیٰ رضی اللہ عنہا ام المؤمنین سیدہ میمونہ بنت حارث رضی اللہ عنہا کی ماں جائی بہن بھی تھیں۔ اس رشتے کی مناسبت سے شداد اللہ کے رسول صلی اللہ علیہ وسلم اور ان تینوں جلیل القدرصحابہ کرام کے ہم زلف بھی ہوئے۔شداد بن الہاد اس واقعے کے راوی ہیں کہ ایک مرتبہ اللہ کے رسول صلی اللہ علیہ وسلم ظہر یا عصر کی نماز پڑھانے کے لیے مسجد میں تشریف لائے۔ آپ نے اپنے دونوں نواسوں سیدنا حسن اور سیدنا حسین میں سے کسی ایک کو نیچے بٹھا دیا۔ پھر آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے اللہ اکبر کہہ کر نماز پڑھانی شروع کردی۔
Flag Counter