Maktaba Wahhabi

161 - 342
41۔بزرگوں کو گھر پر ہی رہنے دیا ہوتا،ہم وہیں آجاتے ابو قحافہ سیدنا ابوبکر صدیق رضی اللہ عنہ کے والد گرامی تھے۔ فتح مکہ مکرمہ کے موقع پر اسلام قبول کرتے ہیں۔ انھوں نے اسلام کیسے قبول کیا اور اللہ کے رسول صلی اللہ علیہ وسلم نے ان کے ساتھ کیسا برتاؤ کیا؟ آئیے! اس واقعے کو سیدہ اسماء بنت ابی بکر صدیق رضی اللہ عنہما کی زبانی سنتے ہیں: مکہ مکرمہ فتح ہو چکا ہے۔ اللہ کے رسول صلی اللہ علیہ وسلم بیت اللہ شریف میں تشریف فرما ہیں کہ سیدنا ابوبکر صدیق رضی اللہ عنہ اپنے والد گرامی کو لیے ہوئے بیت اللہ کے صحن میں داخل ہوتے ہیں۔ اللہ کے رسول صلی اللہ علیہ وسلم نے دیکھا کہ ان کا یار غار اپنے بوڑھے اور ضعیف والد کو لیے حاضر ہو رہا ہے۔ ابوبکر صدیق رضی اللہ عنہ کے گھرانے کی اسلام کے لییبے شمار قربانیاں ہیں۔ آپ اس گھرانے کو اعزاز دے رہے ہیں۔ ابوبکر صدیق رضی اللہ عنہ سے مخاطب ہوئے اور فرمایا: (ہَلَّا تَرَکْتَ الشَّیْخَ فِي بَیْتِہِ حَتّٰی أَکُونَ أَنَا آتِیہِ فِیہِ) ’’اس بزرگ آدمی کو گھر پر ہی رہنے دیتے؟ میں خود وہاں جا کر ان سے مل لیتا۔ ‘‘
Flag Counter