Maktaba Wahhabi

253 - 342
67۔بے وفاسے وفا داریاں اللہ کے رسول صلی اللہ علیہ وسلم کو مدینہ طیبہ تشریف لائے کوئی زیادہ مدت نہیں گزری تھی کہ آپ کو اطلاع دی گئی کہ قبیلہ خزرج کے ایک سردار سعد بن عبادہ رضی اللہ عنہ بیمار ہیں۔ آپ ان کی عیادت کے لیے بنو حارث کے محلے کی طرف تشریف لے گئے۔ بنو حارث کا محلہ مسجد نبوی کے جنوب میں مسجد قباء کے راستے پر واقع تھا۔ آپ نے اپنے ساتھ سیدنا اسامہ بن زید رضی اللہ عنہما کو لیا۔ آپ صلی اللہ علیہ وسلم کی تواضع کو دیکھیے کہ آپ گدھے پر سوار ہو کر سعد بن عبادہ رضی اللہ عنہ کے گھر تشریف لے جا رہے ہیں۔ راستے میں آپ نے دیکھا کہ برلب سڑک کچھ لوگ ایک جگہ بیٹھے ہوئے ہیں۔ اس اجتماع میں مسلمان، مشرک، یہودی سبھی قوموں کے لوگ بیٹھے تھے۔ نمایاں لوگوں میں عبداللہ بن ابی بھی تھا۔ یہ اس وقت کی بات ہے جب اس نے ابھی اسلام قبول نہ کیا تھا۔ حاضرین مجلس میں مشہور صحابی سیدنا عبداللہ بن رواحہ رضی اللہ عنہ بھی تھے۔
Flag Counter