Maktaba Wahhabi

56 - 342
11- انہیں جب بھی دیکھاآنکھیں بے اختیار بہنے لگیں اللہ کے رسول صلی اللہ علیہ وسلم بچوں سے بڑی محبت فرماتے تھے۔ یہ آپ کا اعلیٰ اخلاق تھا کہ آپ بچوں کو چومتے، ان کو گلے لگاتے اور ان سے باتیں کرتے تھے۔ آپ صلی اللہ علیہ وسلم اپنے نواسوں کے ساتھ بطور خاص بڑی محبت فرماتے تھے۔ اللہ کے رسول بعض اوقات دن کے پہلے پہر اپنے بعض رشتہ داروں یا ساتھیوں کے گھروں میں تشریف لے جاتے۔ سیدنا ابوہریرہ رضی اللہ عنہ اس واقعے کے راوی ہیں، وہ بیان کرتے ہیں:میں ایک دن مسجد نبوی میں بیٹھا تھا۔ دن روشن ہوچکا تھا، آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے میرا ہاتھ پکڑ لیا اور اس پر قدرے دباؤ ڈال کر مجھے ایک طرف چلنے کا اشارہ کیا۔ میں آپ کے ہمراہ چل پڑا۔ اللہ کے رسول صلی اللہ علیہ وسلم کا رخ اپنی بیٹی سیدہ فاطمۃ الزہرا رضی اللہ عنہا کے گھر کی طرف تھا۔ ان دنوں سیدہ فاطمہ رضی اللہ عنہا مسجد نبوی کے مشرق میں واقع بنو قینقاع کے بازار کے گرد و نواح میں رہائش پذیر تھیں۔ بنو قینقاع کا یہ بازار بقیع الغرقد کی طرف تھا۔ ابوہریرہ رضی اللہ عنہ کہتے ہیں:ہم دونوں خاموشی سے کوئی گفتگو کیے بغیر بازار کے قریب سے گزرے۔اللہ کے رسول صلی اللہ علیہ وسلم بازار میں داخل ہوئے، اسے ایک نظر دیکھا… پھر وہاں سے چل دیے۔ میں بھی آپ کے ساتھ ساتھ تھا۔ آپ صلی اللہ علیہ وسلم سیدہ فاطمہ رضی اللہ عنہا کے گھر تشریف لائے۔ صحن میں تشریف فرما ہوئے اور ارشاد فرمایا:(اَیْنَ لُکَعُ؟) ’’چھوٹو کدھر ہے؟‘‘ پھر فرمایا:(اَیْنَ لُکَعُ؟) ’ ’چھوٹو کدھر ہے؟‘‘ پھر تیسری مرتبہ ارشاد ہوا:’’چھوٹو کدھر ہے؟‘‘ یہ الفاظ آپ صلی اللہ علیہ وسلم اپنے نواسے سیدنا حسن بن علی رضی اللہ عنہما کے بارے میں فرما رہے تھے۔
Flag Counter