Maktaba Wahhabi

210 - 418
٭ زمانی عموم:یہ شریعت اور قانون حضرت محمد صلی اللہ علیہ وسلم کی بعثت سے لے کر قیامت قائم ہونے تک واجب الاتباع ہے۔ کسی اور قانون، شریعت، مذہب اور نظام کے لیے ہرگز جائز نہیں کہ وہ مسلسل اس کے خلاف مزاحمت کرے۔ ٭ مکانی عموم :چونکہ یہ شریعت کسی مزاحمت کرنے والے یا مقابلہ کرنے والے کی رکاوٹ کے بغیر بلا شرکت غیرے پورے کرئہ ارض کے لیے ہے، لہٰذا اسے باعتبار علاقہ بھی کامل عمومیت حاصل ہے۔ یہ رُوئے زمین کے تمام خطوں، منطقوں، میدانوں، پہاڑوں، وادیوں، سمندروں، دریاؤں، کھائیوں اور فضاؤں کے لیے شریعت ہے، بلکہ یہ اس کائنات کے تمام اجرام فلکی (چاند، سورج، ستاروں اور سیاروں) کی شریعت بھی ہے۔ اللہ تعالیٰ نے فرمایا: ’’آسمانوں اور زمین میں جو کوئی بھی ہیں وہ سب رحمن کے پاس غلام بن کر آئیں گے۔‘‘[1] ٭ بشری عموم: جنسوں، نسلوں، قوموں، رنگوں اور زبانوں کے اختلاف کے باوجود یہ قانونِ شریعت ہر انسان کے لیے حتیٰ کہ جنوں کے لیے بھی واجب الاتباع ہے۔ یہ شریعت بلاامتیاز ہر ایک کے لیے ہے ۔چاہے وہ کسی بھی حالت میں ہو اور کہیں بھی ہو، خواہ روئے زمین پر ہو،یا اگر کوئی فضائی سفر کی استطاعت رکھتا ہو تو بھلے وہ آسمان پر چڑھ جائے، ستاروں تک جا سکے تو ان پر اتر پڑے ،اس شریعت کی پابندی اس کے لیے بہرحال شرط لازم ہے۔ اس کے لیے ہرگزممکن نہیں ہے کہ وہ اس سے الگ ہو جائے ۔وہ اسے چھوڑ سکتا ہے نہ اس سے بھاگ سکتا ہے۔ اللہ تعالیٰ نے فرمایا ہے:
Flag Counter