س: کیا بھینس کی قربانی جائز ہے یا نہیں ؟ دونوں صورتوں میں کتاب وسنت کے دلائل سے وضاحت فرما دیں ۔ جزاکم اللّٰه خیراً
احسان اللہ
ج: جو لوگ بھینس کی قربانی کے جواز کے قائل ہیں ان کے ہاں دلیل بس یہی ہے کہ لفظ بقر اس کو بھی شامل ہے یا پھر اس کو بقر پر قیاس کرتے ہیں اور معلوم ہے کہ گائے کی قربانی رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے قول، عمل اور تقریر سے ثابت ہے لہٰذا گائے کی قربانی کی جائے جو رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم سے تینوں طریقوں سے ثابت ہے ۔ واللہ اعلم ۱۲/۱/۱۴۱۹ ھ
س: (۱) جاموس (بھینسا ، کٹا) کی قربانی کے بارے میں حدیث نبوی صلی اللہ علیہ وسلم میں کیا حکم ہے ؟ قرآن وحدیث کی روشنی میں کیا حکم ہے ؟
(۲) قَرَّبَ دَجَاجَۃ(۱)کا کیا مطلب ہے کیا یہاں سے قربانی کا استدلال پکڑا جا سکتا ہے ؟
(۳) نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے کس کس چوپائے کی قربانی کی ہے ؟ محمد عاصم ضلع قصور
ج: (۱) رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی حدیث میں جاموس کی قربانی کا ذکر نہیں ہے ۔
(۲) ’’قَرَّبَ دَجَاجَۃً‘‘ سے عیدالاضحی کے موقع پرکی جانے والی قربانی پر استدلال درست نہیں ۔
(۳) جنس اونٹ ، جنس گائے ، جنس بھیڑ اور جنس بکری کی قربانی رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی احادیث سے ثابت ہے۔ھذا ما عندی و اللّٰه اعلم ۴/۱۲/۱۴۰۸ ھ
س: (۱) زید نے ایک گائے پال رکھی ہے جو کہ زر خرید نہیں بلکہ گھریلو ہے گائے خوبصورت بے عیب اور قربانی کے لائق ترین ہے کچھ لوگوں نے زید سے مذکورہ گائے قربانی کے لیے خریدنے کو کہا اور اس کی قیمت ثالثی پانچ ہزار متعین ہو گئی پھر 5000 کو سات حصوں میں تقسیم کیا گیا اب زید کہتا ہے کہ میں بھی اس گائے میں اپنا حصہ بصورت قربانی کرنا چاہتا ہوں لہٰذا تم مجھے چھ حصوں کے پیسے دے دو جبکہ زید کی اس گائے میں پہلے سے قربانی کے لیے کوئی نیت نہ تھی وقتی طور پر تیار ہوا ہے ہمیں تو بظاہر اس میں کوئی قباحت نظر نہیں آتی تاہم شرعی فیصلہ مطلوب ہے زید کی پہلے سے نیت ہو یا نہ ہو ۔ جبکہ اس تقسیم وعمل کو حافظ عبداللہ محدث روپڑی رحمہ اللہ نے اپنے فتویٰ میں غیر درست ومشکوک کہا ہے ۔
(۲) زید نے ایک گائے خرید کی ہے اب اس میں بغیر منافع کے اصل رقم پر اپنا حصہ شامل کر کے قربانی کر سکتا ہے یعنی دی ہوئی رقم کے سات حصے ہوئے اپنا حصہ چھوڑ کر باقی اپنی اصل رقم سے چھ حصے وصول کرتا ہے کیا یہ درست ہے ؟
عنایت اللہ امین قصور
|