کتاب اللباس …… لباس کے مسائل
پگڑی کا بیان
س: آپ صلی اللہ علیہ وسلم کے عمامے کا کون سا رنگ تھا عمامہ باندھنا سنت نبوی صلی اللہ علیہ وسلم ہے تو عالم حضرات اس حدیث پر عمل کیوں نہیں کرتے سیاہ عمامہ کے متعلق احادیث لکھیں ؟ محمد سلیم بٹ
ج: رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے سفید کپڑوں کو افضل قرار دیا ہے اس لیے سفید لباس افضل ہے حدیث مشہور ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم مکہ معظمہ میں داخل ہوئے تو آپ پر سیاہ عمامہ تھا ۔(۱)اس سے سیاہ عمامہ کا جواز نکلتا ہے ۔ فضیلت سفید عمامہ میں ہی ہے کیونکہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے ہمیں سفید کپڑے پہننے کا امر فرمایا ہے ۔ واللہ اعلم ۱۵/۲/۱۴۱۶ ھ
س: سبز عمامہ پگڑی کے متعلق فرمائیں کہ سنت ہے یا نہیں اور آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے کون سے رنگ کا عمامہ پہنا تھا کہتے ہیں کہ عمامہ پہن کر نماز پڑھیں تو زیادہ ثواب ہوتا ہے ؟ محمد سلیم بٹ
ج: سفید عمامہ افضل ہے کیونکہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے سفید لباس وکپڑے کو افضل قرار دیا ہے عمامہ پہننے میں اجر وثواب ہے کیونکہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم بھی عمامہ پہنتے تھے [رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی پگڑی مبارک کالے رنگ کی تھی] (۲)
۲۲/۱۱/۱۴۱۶ ھ
س: (۱) حضور صلی اللہ علیہ وسلم سے عمامہ باندھتے ہوئے ایک شملہ چھوڑنا ثابت ہے یا دونوں ۔ نیز اس شملے کے بارے میں کہا جاتا ہے ایک ہاتھ لمبا ہو کیا یہ صحیح ہے ؟ اگر صحیح ہے تو ہاتھ سے یہاں پر کہنی تک بازو مراد ہے یا آج کل کا معروف گز؟ محمد شہبار حمید لاہور
ج: ایک شملہ اور دو شملہ دونوں قسم کی روایات ملتی ہیں باقی شملے کی مقدار کا مجھے علم نہیں ۔ ۱/۹/۱۴۱۶ ھ
پینٹ ٹائی اور نکر پہننا
س: پتلون پہننے میں گناہ تو نہیں ٹائی باندھنا کیسا ہے ؟ عثمان غنی لاہور
ج: ان دونوں لباسوں سے پرہیز کرنا چاہیے ۔ ۱/۸/۱۴۱۷ ھ
|