Maktaba Wahhabi

218 - 444
حتی کہ پتھر بھی پکار اٹھیں گے :اے مسلمان مجاہد ! یہ میرے پیچھے یہودی (چھپا ہوا) ہے۔ آؤ ! ا س کو قتل کرو۔ ‘‘[1] ۳۶…قسطنطنیہ اور روم کی فتح بھی قیامت کی علامات میں سے ہیں کہ قیامت سے پہلے پہلے ان کی فتح ضرور ہوگی۔ (اور وہ ہو چکی۔) علاوہ ازیں صحیح احادیث میں اور بھی بہت ساری قیامت کی علامات صغریٰ مذکور ہیں۔ قیامت کی بڑی علامات ان سے مراد وہ علامات ہیں جو قرب قیامت میں ظاہر ہوں گی۔ جب یہ علامتیں پے درپے ظاہر ہوتی چلی جائیں گی ، ان سے متصل ہی قیامت بپا ہو جائے گی۔ قرآن و سنت میں جس طرح سے ان کا ذکر آیا ہے ، اہل السنۃ والجماعۃ اہل الحدیث کے سلفی اہل ایمان ان پر پورا پورا ایمان رکھتے ہیں۔ بالترتیب ہم ان کو بیان کیے دیتے ہیں۔ ا… سیّدنا امام مہدی رحمہ اللہ کا ظہور کہ جن کا نام محمد اور باپ کا نام عبداللہ ہوگا اور وہ نبی مکرم محمد رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے اہل بیت میں سے ہوں گے۔ ان کا ظہور و خروج مشرق سے ہوگا اور سات سال تک حکومت کریں گے ، جس سے روئے زمین عدل و انصاف سے بھر جائے گی… جبکہ اس سے قبل پوری زمین ظلم و استبداد سے بھر چکی ہوگی۔ ان کے عہد و زمانہ میں امت اسلامیہ کو ایسی ایسی نعمت سے نوازا جائے گا کہ اس سے قبل امت محمدیہ علی صاحبہا الصلوٰۃ والسلام کو ویسی نعمتیں نہ ملی ہوں گی۔ زمین اپنی نباتات خوب اُگائے گی ، آسمان سے بارشیں بھی بروقت خوب ہوا کریں گی اور مسلمانوں کو بے حساب مال عطا ہوگا۔
Flag Counter