Maktaba Wahhabi

209 - 444
پانچواں رکن…قیامت کے دن پر ایمان اہل السنۃ والجماعۃ اہل الحدیث جماعۃ حقہ کے اہل ایمان قیامت کے دن ، یوم آخرت پر پور ا پورا ایمان و اعتقاد رکھتے ہیں (کہ یوم قیامت نے ایک دن ضرور وقوع پذیر ہونا ہے۔) اعتقاد و ایمان کا معنیٰ ہے :قیامت کے دن پر اعتقاد جازم اور تصدیق کامل۔ اور اس ضمن میں اللہ عزوجل نے اپنی کتاب عزیز (قرآن مجید) میں اور نبی مکرم محمد رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے اپنی احادیث مبارکہ میں جو کچھ خبر دے رکھی ہے اس سے متعلق ایک ایک بات پر اور ہر خبر کے ایک ایک جزء پر مکمل ایمان محکم۔ اور موت کے بعد جو کچھ پیش آنے والا ہے ، اس کے متعلق بھی جیسا اور جو کچھ بھی قرآن واحادیث میں آیا ہے اس پر مکمل ایمان رکھتے ہیں۔ یہ عالم برزخ کا سلسلہ تا قیامت جاری رہے گا حتی کہ حشر بپا ہو کر فیصلے ہوں گے اور جنت والے جنتوں میں اور دوزخ والے جہنم میں چلے جائیں گے۔ اللہ رب العالمین نے اپنی کتاب عزیز میں قیامت کے دن کا ذکر نہایت تاکید سے فرمایا ہے (کہ لوگو! اس دن کو بھولنا نہیں اور اس دن کی مکمل تیار ی کرکے رہنا ہے۔) اور ہر موقع پر اس کی یاد دہانی کو بار بار دہرایا ہے۔ اور اس کے وقوع پذیر ہونے کے ذکر کی تاکید کے ساتھ ہر مناسبت پر اس کی طرف بھرپور توجہ دلائی ہے۔ قیامت کے دن کا ذکر قرآن میں نہایت کثرت سے فرمایا ہے اور ایمان باللہ کے ساتھ قیامت کے دن پر ایمان کو مربوط کر دیا۔ (گویا جو شخص قیامت کے دن کا قائل اور اس کا ماننے والا نہیں وہ اللہ عزوجل پر بھی ایمان نہیں رکھتا۔) چنانچہ اللہ تبارک و تعالیٰ کا فرمان ہے :
Flag Counter