Maktaba Wahhabi

19 - 213
حذفِ تکرار کے نتیجہ میں شیخ محترم کے الفاظ وجملوں کی ترتیب میں کوئی ردوبدل اور تقدیم وتاخیر واقع نہ ہو، میری اس نظر ثانی اور اس پرشیخ محترم کی نظر ثانی اور متعدد مقامات پر کچھ اضافوں کے بعد اب یہ کتاب حقیقتاً ایک کتاب کی شکل میں آپ کے ہاتھوں میں ہے۔ شیخ محترم کیونکہ مسند محدثین کے متمکن ہیں اور خطابت کے شہسواربھی، اس لئے آپ کی خطابت پر علمی رنگ غالب رہتا ہے، اورکتاب ہذا اس کی بین دلیل ہے، چنانچہ قاری کو کتاب ہذا میں استنباطات کی صورت میں علمی رنگ اور قدم قدم پر سامعین کو تنبیہات وتحریضات کی صورت میں خطیبانہ اسلوب دونوں سے لطف اندوز اور مستفید ہونے کا بیک وقت اور یکساں موقع ملے گا۔ بلکہ شیخ محترم کی شخصیت کاایک اور اہم اور قابل قدر پہلو ہے اور وہ ہے منہج سلف کا احیاء ،اس کا ابلاغ اور پوری استقامت وجوانمردی کے ساتھ اس کا تمسک ،میں اپنے شیخ کو دورحاضر میں منہج سلف کا حقیقی داعی اور امین سمجھتا ہوں ۔وذلک فضل اللہ یوتیہ من یشاء چنانچہ اس خوبی کے باوصف منہج کی دعوت اور اس پر استقامت کی جھلک قارئین کو اس کتاب میں جابجا نظر آئے گی ،جو ان کیلئے منہج کی معرفت اور اس پر استقامت میں انتہائی معاون ثابت ہوگی۔ علمی ،عوامی اورمنہجی رنگ لئے کتاب ہذا کے چند عنوانات ملاحظہ فرمائیں جو میرے دعویٰ کی بین دلیل ہیں: صلحِ حدیبیہ کے خصائص وامتیازات۔ صلحِ حدییبہ کی برکات۔
Flag Counter