Maktaba Wahhabi

119 - 181
آخری دس آیات کی تلاوت فرمائی ۔۔۔ [ مسلم : ۷۶۳ ] اور حضرت حذیفہ رضی اللہ عنہ بیان کرتے ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم جب رات کو نیند سے بیدار ہوتے تو اپنا منہ مسواک سے صاف کرتے ۔ [ البخاری : ۲۴۵ ، مسلم : ۲۵۴ ] اس کے بعد وہ نیند سے بیدار ہونے کے دیگر اذکار پڑھے اور اس طرح وضو کرے جیسا کہ اسے اللہ تعالی نے حکم دیا ہے ۔ [ حصن المسلم : ۱۲۔ ۱۶ ] 3. رات کی نفل نماز کا آغازہلکی پھلکی دو رکعات سے کرے ، کیونکہ یہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کے قول وفعل سے ثابت ہے ، جیسا کہ حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا بیان کرتی ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم جب رات کو نماز پڑھنے کی غرض سے کھڑے ہوتے تو اپنی نماز کا آغاز دو ہلکی پھلکی رکعات سے کرتے ۔ [ مسلم : ۷۶۷ ] اور حضرت ابو ہریرہ رضی اللہ عنہ بیان کرتے ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا : ( إِذَا قَامَ أَحَدُکُمْ مِنَ اللَّیْلِ فَلْیَفْتَتِحْ صَلاَتَہُ بِرَکْعَتَیْنِ خَفِیْفَتَیْنِ) ترجمہ :’’ تم میں سے کوئی شخص جب رات کے قیام کیلئے کھڑا ہو تو دو ہلکی پھلکی رکعات سے اپنی نماز کا افتتاح کرے ‘‘ [ مسلم :۷۶۸] 4. نمازِ تہجدگھر میں پڑھنا مستحب ہے ، کیونکہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم اپنے گھر میں ہی تہجد پڑھتے تھے ، اور حضرت زید بن ثابت رضی اللہ عنہ بیان کرتے ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا : ( ۔۔۔ فَعَلَیْکُمْ بِالصَّلاَۃِ فِیْ بُیُوْتِکُمْ ، فَإِنَّ خَیْرَ صَلاَۃِ الْمَرْئِ فِیْ بَیْتِہٖ إِلاَّ الصَّلاَۃُ الْمَکْتُوْبَۃُ ) ترجمہ : ’’ لہذا تم پر لازم ہے کہ تم اپنے گھروں میں ہی نماز پڑھا کرو کیونکہ آدمی کی بہترین نماز وہ ہے جسے وہ اپنے گھر میں ادا کرے سوائے فرض نماز کے ‘‘ [ البخاری : ۷۳۱ ، مسلم : ۷۸۱ ]
Flag Counter