Maktaba Wahhabi

322 - 352
آپ صلی اللہ علیہ وسلم کی ازواج میں زینب بنت خزیمۃ الھلالیۃ بھی ہیں، یہ نکاح کے بعد تھوڑا عرصہ بقیدِ حیات رہیں،پھر فوت ہوگئیں۔ یہ گیارہ خواتین ہیں جن سے آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے نکاح کیا اور جو آپ صلی اللہ علیہ وسلم کے حرم میں آئیں اورآپ صلی اللہ علیہ وسلم نے ان سے شب باشی فرمائی۔ ازواج مطہرات کو یہ عظیم الشان شرف بھی حاصل ہے کہ یہ آخرت میں بھی آپ صلی اللہ علیہ وسلم کی ازواج ہوں گی۔ خدیجہ رضی اللہ عنھاکو ازواجِ مطہرات میں خصوصیت حاصل ہے ،کیونکہ انہیں بہت سارے امتیازات اور فضائل حاصل ہیں۔ شیخ رحمہ اللہ نے مندرجہ ذیل فضائل وامتیازات کا ذکر فرمایا ہے: (۱) یہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم کی اکثر اولاد کی والدہ ہیں، چنانچہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم کی پوری اولاد انہی کے بطن سے ہے سوائے ابراھیم کے، وہ ماریہ قبطیہ کے بطن سے ہیں۔ (۲) یہ سب سے پہلے آپ صلی اللہ علیہ وسلم پر ایمان لا ئیں ،ایک قول یہ ہے کہ یہ مطلقاً سب سے پہلے ایمان لائیں۔ شیخ رحمہ اللہ نے اسی قول کو ذکر کیا ہے دوسرا قول یہ ہے کہ عورتوں میںسب سے پہلے ایمان لائیں۔ (۳) انہوں نے نبوت کے ابتدائی دور میں آپ صلی اللہ علیہ وسلم کی اعانت ونصرت کی اور ان کی یہ اعانت ونصرت انتہائی ضرورت کے وقت تھی۔ (۴) نبی صلی اللہ علیہ وسلم کے ہاں انہیں بلند مرتبہ حاصل تھا ،چنانچہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم ان سے بہت محبت کرتے تھے اور اکثر اوقات ان کا تذکرہ فرمایا کرتے تھے اور ان کی تعریف کیا کرتے تھے۔ صدیقہ بنت الصدیق ،یعنی عائشہ بنت ابی بکر کو بھی ازواج مطہرات میں خصوصیت حاصل ہے ’’الصدیق‘‘ مبالغہ کا صیغہ ہے یعنی بہت زیادہ صدق اختیار کرنیوالا۔
Flag Counter