Maktaba Wahhabi

163 - 352
{ عَلَی الْاٰرَائِکِ یَنْظُرُوْنَ } (المطففین:۳۵) ترجمہ:’’ مسہریوں پر بیٹھے دیکھ رہے ہوں گے‘‘ … شرح… ’’ عَلَی الْاٰرَائِکِ‘‘ ’’ارائک ‘‘ ’’ أریکۃ ‘‘کی جمع ہے یعنی تختوں پر بیٹھے ہوں گے۔ ’’یَنْظُرُوْنَ‘‘ یعنی اللہ تعالیٰ کو دیکھیں گے۔ اس سے ماقبل آیت میں کفار کے متعلق فرمایا: { عَنْ رَّ بِّھِمْ یَوْمَئِذٍ لَمَحْجُوْبُوْنَ } یعنی یہ کفار قیامت کے دن اپنے رب سے اوٹ میںرکھے جائیں گے۔ اس آیت کو بھی ذکر کرنے کا مقصد اہل ایمان کا اپنے رب کو دیکھنے کا اثبات ہے۔ { لِلَّذِیْنَ اَحْسَنُوْا الْحُسْنٰی وَزِیَادَۃٌ } (یونس:۲۶) ترجمہ:’’ جن لوگوں نے نیکی کی ہے ان کے واسطے خوبی ہے اور مزید برآں بھی‘‘ … شرح… ’’ لِلَّذِیْنَ اَحْسَنُوْا‘‘یعنی جنہوں نے اعمالِ واجبات ادا کیئے اور معاصی سے اجتناب کیا۔ ’’الْحُسْنٰی‘‘یعنی ان کیلئے اچھی جزا ہے۔’’الْحُسْنٰی‘‘کا معنی جنت بھی کیا گیا ہے ۔ ’’وَزِیَادَۃٌ‘‘ اس سے مراد اللہ رب العزت کے چہرہ کو دیکھنا ہے۔’’زِیَادَۃٌ ‘‘کی یہ تفسیر رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم سے ثابت ہے (صحیح مسلم وغیرہ) سلف صالحین نے بھی اس کی یہی تفسیر کی ہے۔ اسی تفسیر کے پیشِ نظر اس آیت کو یہاں ذکر کرنے کا مقصد ،اہل ایمان کا قیامت کے دن اللہ تعالیٰ کو دیکھنے کا اثبات ہے۔ { لَھُمْ مَایَشَائُ وْنَ فِیْھَا وَلَدَیْنَامَزِیْدٌ } (ق:۳۵) ترجمہ:’’ یہ وہاں جو چاہیں انہی کا ہے(بلکہ) ہمارے پاس اور بھی زیادہ ہے‘‘
Flag Counter