Maktaba Wahhabi

55 - 382
نکاح کے مسائل آدم و حوا علیہ السلام کا نکاح کس نے کیا اور حق مہر کیا تھا؟ سوال :حضرت آدم علیہ السلام اور حوا علیہا السلام کا نکاح کس نے کیا تھا؟ اور یہ بات کہاں تک درست ہے کہ نکاح کا صرف حق مہر حضورِ اکرم صلی اللہ علیہ وسلم پر بیس مرتبہ درود شریف پڑھنا تھا؟ (سائل محمد یحییٰ عزیز کوٹ رادھا کشن) (۱۴ اگست ۱۹۹۸ء ۲۰ مئی ۲۰۱۱ء) جواب :حضرت آدم علیہ السلام کے بارے میں معلوم کرنا کہ ان کا نکاح کس نے پڑھایا تھا اور حق مہر کیا کچھ مقرر ہوا تھا؟ ضروریاتِ دین سے نہیں۔ ایسے امور میں اگر کوئی شے بالنص ثابت ہو جائے تو فبہا اور اگر نہ بھی معلوم ہو تو سابقہ علت کی بناء پر ہم اس کے مکلف نہیں لیکن قرآنی شہادت کے سبب اس بات پر یقین رکھنا ضروری ہے کہ حوا علیہا السلام آدم علیہ السلام کی بیوی تھی۔ ممکن ہے اللہ کے امر تزویج کے ساتھ ہی حوا آدم کی بیوی بن گئی ہو۔ جس طرح کہ زینب بنت جحش رضی اللہ عنہ سے نبی صلی اللہ علیہ وسلم کا عقد مجرد امر تزویج ہی سے تھا۔ امام شوکانی رحمہ اللہ رقمطراز ہیں: (( دَخَلَ عَلَیْہَا بِغَیْرِ إِذْنٍ، وَلَا عَقْدٍ، وَلَا تَقْدِیرِ صَدَاقٍ، وَلَا شَیْئٍ مِمَّا ہُوَ مُعْتَبَرٌ فِی النِّکَاحِ فِی حَقِّ أُمَّتِہِ۔)) [1] ’’نبی صلی اللہ علیہ وسلم کا زینب سے ازدواجی تعلق بلا اذن اور بلا عقد اور بلاتقرر مہر اور اس کے بغیر کہ جس شئے کو آپ صلی اللہ علیہ وسلم کی امت کے حق میں قابلِ اعتبار سمجھا گیا ہے۔ قائم ہو گیا تھا۔ ‘‘ حضرت آدم علیہ السلام کے نکاح کا مہر نبی صلی اللہ علیہ وسلم پر درود کی صورت میں مقرر ہونا شرعی نصوص سے ثابت نہیں۔ نبی صلی اللہ علیہ وسلم کی کتنی بیویاں تھیں؟ سوال :آپ صلی اللہ علیہ وسلم کی کل کتنی بیویاں تھیں؟ (۲۸ اکتوبر ۱۹۹۴ء) جواب :نبی صلی اللہ علیہ وسلم کی نو بیویاں تھیں ماریہ اور ریحانہ کو ملا کر گیارہ۔ دونوں عدد صحیح بخاری کتاب الغسل میں ہیں۔
Flag Counter