Maktaba Wahhabi

94 - 103
1۔فحش کو چھوڑ دے، ہر بُری بات اور فعل فحش کے مفہوم میں شامل ہے۔ 2۔جب تو بات کرے تو اپنی آواز کو پست رکھ۔ خاص طور پر جہاں عام لوگ جمع ہوں جیسے بازار، مساجد اور جلسے وغیرہ۔ جب تو خطیب یا واعظ نہ ہو۔ (وعظ و خطبے میں آواز بلند کرنا رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی سنت ہے۔ مترجم)۔ 3۔اگر کسی شخص سے تجھے کوئی تکلیف اور برائی پہنچے تو اس کا جواب نیکی کے ساتھ دے۔ اس طرح کہ تو بُرے آدمی سے درگزر کرے۔ اور اس کا مؤاخذہ نہ کرے۔ اسے سزا نہ دے۔ اس سے ترکِ ملاقات نہ کرے۔ 4۔جب تیرا خادم، ساتھ، لڑکا، شاگرد یا تیری بیوی کوئی خطا کریں یا ان سے کوتاہی سرزد ہو تو ان پر ڈانٹ ڈپٹ اور سختی نہ کر۔ 5۔اپنے فریضے میں کوتاہی نہ کر۔ اپنے غیر کے حق میں کمی نہ کر۔ اسے یہ کہنے پر مجبور نہ کر کہ وہ یہ کہنے لگے: تو نے خود ایسا کیوں کیا؟ یا تو نے ایسا کیوں نہ کیا؟ تجھے ملامت کرتا ہوا اور ناراض ہوتا ہوا ایسا کہنے پر مجبور ہو جائے۔ 6۔زیادہ ہنسنا چھوڑ دے۔ تیرا ہنسنا مسکراہٹ تک محدود ہو۔ (آواز کے ساتھ کھلکھلا کر نہ ہنس)۔ 7۔کسی عورت، مسکین، اور ضعیف کی حاجت پوری کرنے میں ڈھیل نہ کر۔ بغیر تکبر اور غرور کے حاجتمندوں کے ساتھ چل۔ 8۔گھر کے امور میں اہلِ خانہ کی مدد کر۔ اگرچہ بکری کا دودھ دوھنا ہو یا کھانا وغیرہ پکانا ہو۔ 9۔تیرے پاس جو اچھے کپڑے ہوں، انہیں پہن، خاص طور پر نماز ادا کرنے، عیدوں کے موقعہ پر اور مجالس میں شریک ہونے کے وقت۔ 10۔زمین پر بیٹھ کر کھانے سے تکبر نہ کر (یعنی زمین پر بیٹھ کر کھانے میں اپنی ذلت نہ سمجھ) جو کھانا بھی مل جائے اسے کھا لے۔ تھوڑے کھانے پر اکتفا کر اور کھانے میں عیب نہ نکال۔ 11۔کام کرنے والوں کے ساتھ کام میں شریک ہو، اگرچہ زمین کھودنے اور مٹی ڈھونے کا کام ہو۔ تبکر نہ ہونے کو ظاہر کرنے کے لئے کام اور محنت کرنے میں خوشی محسوس کر۔ 12۔اپنی تعریف پر خوش نہ ہو۔ تعریف میں مبالغہ پر راضی نہ ہو۔ بندے کیلئے جو کیفیت ثابت اور لائق ہے اسی پر اکتفاء کر۔ اور جو سچی صفات، فضیلت اور بھلائی بندے میں ہو سکتی ہیں انہی سے مطمئن رہ۔
Flag Counter