Maktaba Wahhabi

17 - 103
8۔رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا ہے: ’’میں قیامت کے دن اولاد آدم کا سردر ہوں گا۔ سب سے پہلے میری قبر کی زمین پھٹے گی۔ میں سفارش کروں گا تو میری سفارش قبول کی جائے گی‘‘۔ (رواہ مسلم)۔ 9۔رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا ہے: ’’چھ امور میں مجھے تمام انبیاء پر فضیلت دی گئی ہے۔ 1۔ مجھے جامع کلمات عطا کئے گئے ہیں (تھوڑے الفاظ میں زیادہ مفہوم و مطالب) 2۔ میرے لئے مالِ غنیمت حلال کیا گیا ہے (پہلی امتیں اپنا مالِ غنیمت ایک جگہ جمع کرتی تھیں۔ آسمان سے آگ آ کر اسے کھا جاتی تھی (جلا دیتی تھی) ان کے لئے مالِ غنیمت سے فائدہ اٹھانا حرام تھا۔ مترجم) 3۔ پوری زمین میرے لئے مسجد اور پاکیزہ بنا دی گئی ہے۔ 4۔ میں پوری مخلوق کی طرف رسول بنا کر بھیجا گیا ہوں۔ 5۔ میرے ذریعے آئندہ نبیوں کا سلسلہ ختم کر دیا گیا ہے۔ (رواہ مسلم)۔ 10۔رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا ہے: ’’مجھے اولادِ آدم کے بہتر زمانوں میں ایک ایک قرن کے بعد بھیجا گیا ہے۔ اب میں آخری بہترین قرن (زمانے) میں بھیجا گیا ہوں‘‘۔ (اسے امام بخاری نے ذکر کیا ہے)۔ 11۔رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا ہے: ’’میری اور مجھ سے پہلے انبیاء کی مثال اس آدمی کی طرح ہے جس نے ایک عمارت تعمیر کی ہو اسے بہت خوبصورت بنایا اس کے ایک کونے میں ایک اینٹ کی جگہ خالی رہی۔ لوگ اس کے گرد گھوم کر خوش ہونے لگے اور کہنے لگے اس خالی جگہ میں اینٹ کیوں نہ رکھ دی گئی؟ (اگر اس خالی جگہ پر بھی اینٹ رکھ دی جاتی تو کیا ہی اچھا تھا)۔ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ’’میں وہ اینٹ ہوں (میرے ذریعے قصرِ نبوت کی وہ خالی جگہ پر کر دی گئی ہے) اور میں نبیوں کی مہر (سلسلہء نبوت ختم کرنے والا) ہوں۔ (رواہ البخاری 12۔رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کا ارشاد ہے: ’’اللہ تعالیٰ کے نزدیک مجھے خاتم النبیین لکھ دیا گیا تھا حالانکہ آدم علیہ السلام ابھی اپنے مٹی کے ڈھانچے کے ساتھ زمین پر پڑے ہوئے تھے۔ میں تمہیں اپنی پیدائش سے پہلے کے چند امور کی خبر دیتا ہوں۔ میرے لئے سیدنا ابراہیم علیہ السلام نے بعثت کی دعا کی تھی۔ عیسیٰ علیہ السلام نے میری بعثت کی خوشخبری دی تھی۔ میری پیدائش کے وقت میری والدہ کا خواب دیکھنا۔ اس کے لئے ایک نور نے نکل کر اس کے سامنے شام کے محلات روشن کر دیئے تھے۔ (اس روایت کو امام حاکم اور امام ذھبی نے صحیح کہا ہے۔ البانی نے اسے مشکوٰۃ میں صحیح کہا ہے)۔
Flag Counter