Maktaba Wahhabi

46 - 238
بالکل ایسے ہی’’لَا اِلٰہَ اِلاَّ اللّٰہُ‘‘ کی شرائط ہیں جن کے بغیر اس کا اقرار کرنے والے کو اس کا کوئی فائدہ نہیں ہوتا۔ ان شروط کا علم قرآن مجید اور احادیث رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم میں گہری نظر اور ان کے مطالعہ سے حاصل ہوتا ہے۔  حضرت وہب بن منبہ حفظہ اللہ سے کہا گیا: کیا’’لَا اِلٰہَ اِلاَّ اللّٰہُ‘‘ جنت کی چابی نہیں ہے؟ تو آپ نے فرمایا: کیوں نہیں ؛ لیکن کوئی چابی ایسی نہیں ہوتی جس کے دندانے نہ ہوں ۔ اگر آپ ایسی چابی لے کر آئیں گے جس کے دندانے ہوں تو تالہ کھلے گا؛ ورنہ نہیں ۔‘‘ [علقہ البخاري فی صحیحہ ؛ تاریخ الکبیر 1؍95؛ الحلیلة 4؍66] اگر کوئی کہنے والا کہے کہ: بیشک صرف۔’’ لَا إِلَہَ إِلَّا اللَّه‘‘کا اقرار بھی فائدہ دے گا؛ اور یہ اقرار بغیر کسی شرط اور ضابطہ کے قبول ہے۔ تو اسے کہا جائے گا : کیا منافقین کا یہ اقرار ان کے لیے فائدہ مند ہوگا(فرمان الٰہی ہے:)  ﴿ اِذَا جَاۗءَكَ الْمُنٰفِقُوْنَ قَالُوْا نَشْہَدُ اِنَّكَ لَرَسُوْلُ اللہِ ، ۘ ﴾ [٦٣:١] ’’ جب منافق آپ کے پاس آتے ہیں تو کہتے ہیں کہ ہم اقرار کرتے ہیں کہ آپ بےشک اللہ کے پیغمبر ہیں ۔‘‘ اور ایسے ہی جب وہ ایمان والوں سے ملتے تو کہتے: ہم بھی ایمان لائے ہیں ۔تو کیا انہیں یہ اقرار فائدہ دے گا ۔اس کاقائل تو کوئی ایک بھی نہیں ۔  پس ’’ لَا إِلَہَ إِلَّا اللَّه‘‘کا صرف زبانی اقرار اپنے قائل کو صرف زبانی ادائیگی سے فائدہ نہیں دیتا ؛ جب تک کہ اس کی ان شروط اور ضوابط کو پورا نہ کر لیا جائے جو کتاب و سنت سے ماخوذ ہیں ۔  حضرت حسن بصری حفظہ اللہ کے متعلق آتا ہے ؛ آپ سے کہا گیا: ’’ بیشک جو کوئی بھی ’’ لَا إِلَہَ إِلَّا اللَّه‘‘کا اقرار کرے تو وہ جنت میں داخل ہو جائے گا؟ تو آپ نے فرمایا : ’’ہاں جو کوئی ’’ لَا إِلَہَ إِلَّا اللَّه‘‘کا اقرار کرے ؛ اور اس کے حقوق و فرائض ادا کرے؛ تو وہ جنت میں داخل ہو جائے گا۔‘‘ [الحجة فی بیان المحجة 2؍ 152] ’’ لَا إِلَہَ إِلَّا اللَّه‘‘کی شرائط یہ ہیں :  اوّل:....ایسا علم جو جہالت کے منافی ہو۔يعنی نفی اور اثبات کی صورت میں اس کے معانی کا علم ہو؛ اور اس حقیقت کا علم ہو جس پر اللہ تعالیٰ کی توحید دلالت کرتی ہے۔ اور پھر عبادت میں اللہ سبحانہ و تعالیٰ کو منفرد رکھا جائے۔اور دین کو اسی کے لیے خالص کیا جائے۔ اور اللہ تعالیٰ کے علاوہ جن کی بھی بندگی کی جاتی ہے؛ ان کا انکار کیا جائے۔ جیسا کہ اس سے پہلے ہم نے کئی آیات ذکرکی ہیں جو’’ لَا إِلَہَ إِلَّا اللَّه‘‘کا معنی واضح کرتی ہیں ۔ اللہ تعالیٰ فرماتے ہیں:  ﴿ اعْبُدُوا اللّٰهَ مَا لَكُمْ مِّنْ اِلٰہٍ غَيْرُہٗ ، ۭ﴾ [٧ :٥٩] ’’ اللہ کی عبادت کرو اس کے سوا تمہارا کوئی معبود نہیں ۔‘‘ اور اللہ تعالیٰ فرماتے ہیں : ﴿ وَاعْبُدُوا اللّٰهَ وَلَا تُشْرِكُوْا بِہٖ شَيْـــًٔـا ﴾ [٤:٣٦]
Flag Counter