Maktaba Wahhabi

160 - 238
دسواں سبق: نماز کی سنتیں شیخ رحمہ اللہ فرماتے ہیں : دسواں سبق: نماز کی سنتیں : نماز کی سنتوں میں سے چند درج ذیل ہیں : ۱۔ دعائے استفتاح پڑھنا۔ ۲۔ حالتِ قیام میں ، رکوع سے پہلے ہو یا رکوع کے بعد، دائیں ہاتھ کی ہتھیلی بائیں ہاتھ کی پشت پر سینہ کے اوپر رکھنا۔ ۳۔ تکبیرِ تحریمہ کے وقت ، رکوع کے لیے جھکتے وقت اور رکوع سے سر اٹھاتے وقت اور تشہد اوّل سے تیسری رکعت کے لیے کھڑے ہوتے وقت دونوں ہاتھوں کو انگلیاں ملائے ہوئے مونڈھوں یا کانوں کے برابر تک اٹھانا۔ ۴۔ رکوع اور سجدہ میں ایک سے زائد بار تسبیح پڑھنا۔ ۵۔ رکوع سے اٹھنے کے بعد ’’رَبَّنَا وَلَکَ الْحَمْد‘‘ سے زائد دعا پڑھنا اور دونوں سجدوں کے درمیان ایک سے زائد بار دعائے مغفرت پڑھنا۔ ۶۔ رکوع میں سر کو پیٹھ کے برابر رکھنا۔ ۷۔ سجدہ میں بازوؤں کو پہلوؤں سے، پیٹ کو رانوں سے اور رانوں کو پنڈلیوں سے دور رکھنا۔ ۸۔ سجدے کی حالت میں دونوں بازوؤں کو زمین سے اٹھائے ہوئے رکھنا۔ ۹۔ تشہد اوّل میں اور دونوں سجدوں کے درمیان نمازی کا بائیں پیر کو بچھا کر بیٹھنا اور دائیں پیر کو کھڑا کرنا۔ ۱۰۔ تین اور چار رکعت والی نماز ہو تو آخری تشہد میں تو رک کرنا، یعنی دائیں پیر کو کھڑا کر کے اس کے نیچے سے بائیں پیر کو نکال کر کولہے کو زمین پر رکھ کر بیٹھنا۔ ۱۱۔ پہلے اور دوسرے تشہد میں بیٹھنے کے وقت سے لے کر تشہد کے اختتام تک شہادت کی انگلی سے اشارہ کرنا اور دعا کے وقت اسے حرکت دینا (ہلانا)۔ ۱۲۔ تشہد اوّل میں محمد اور آل محمد صلی اللہ علیہ وسلم پر، نیز ابراہیم اور آل ابراہیم علیہ السلام پر صلاۃ و تبریک (درود ابراہیمی) پڑھنا۔ ۱۳۔ آخری تشہد میں دعا کرنا۔ ۱۴۔ نمازِ فجر، نمازِ جمعہ، نمازِ عیدین، نمازِ استسقاء اور نماز مغرب و عشاء کی ابتدائی دو رکعت میں جہری قراء ت کرنا۔ ۱۵۔ نمازِ ظہر و نمازِ عصر میں اور نمازِ مغرب کی تیسری رکعت اور نماز عشاء کی آخری دو رکعتوں میں قراء ت آہستہ کرنا۔ ۱۶۔ سورہ فاتحہ کے علاوہ قرآن سے کچھ اور پڑھنا۔
Flag Counter