Maktaba Wahhabi

102 - 238
’’کہہ دے وہ اللہ ایک ہے۔ اللہ ہی بے نیاز ہے۔ نہ اس نے کسی کو جنا اور نہ وہ جنا گیا۔ اور نہ کبھی کوئی ایک اس کے برابر کا ہے۔‘‘ دوسری جگہ فرمایا: ﴿ لَیْسَ کَمِثْلِہٖ شَیْئٌ وَّہُوَ السَّمِیْعُ البَصِیْرُ﴾ (الشوریٰ: ۱۱) ’’اس کی مثل کوئی چیز نہیں اور وہی سب کچھ سننے والا، سب کچھ دیکھنے والا ہے۔‘‘ شرح: یعنی ’’اس سورت پر عمل کرتے ہوئے‘‘ ان صفات کو ثابت مانتے ہیں ۔ اس سورت کا نام اخلاص ہے۔اسے اللہ تعالیٰ کی صفات کے بیان کے لیے خالص کیا گیا ہے۔اگر کوئی کہنے والا کہے: ’’اللہ تعالیٰ کون ہے‘‘؟ توجواب دینے کے لیے کافی اور شافی جواب اس سورت میں حاضر ہے؛ جس میں رب سبحانہ و تعالیٰ کی تعریف ہے۔اس سورت کی کیا ہی بڑی شان ہے؛ ایک جلیل القدر صحابی کے واقعہ میں ہے وہ ہر رکعت میں ﴿ قُلْ ہُوَ اللّٰہُ اَحَدٌ ﴾ پڑھا کرتا تھا۔اس سے دیگر ساتھی صحابہ کو اشکال پیش آیا ؛تو انہوں نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم تک یہ بات پہنچا دی ؛ تو نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا : ’’ ان سے پوچھو کہ وہ یہ طرز عمل کیوں اختیار کئے ہوئے تھے؟چنانچہ لوگوں نے پوچھا تو انہوں نے کہا:’’ وہ ایسا اس لیے کرتے تھے کہ یہ اللہ کی صفت ہے اور میں اسے پڑھنا عزیز رکھتا ہوں ۔‘‘ تو نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا:’’ انہیں بتا دو کہ اللہ بھی انہیں عزیز رکھتا ہے۔‘‘(البخاری 7375 ؛ مسلم 813 ؛ بروایت حضرت عائشہ ) ایک دوسری روایت میں ہے: ’’ تمہاری اس سورت سے محبت تمہیں جنت میں داخل کردے گی۔‘‘(الترمذی 2901) اور الله تعالیٰ کے اس فرمان پر عمل کرتے ہوئے :  ﴿ لَیْسَ کَمِثْلِہٖ شَیْئٌ وَّہُوَ السَّمِیْعُ البَصِیْرُ﴾ (الشوریٰ: ۱۱) ’’اس کی مثل کوئی چیز نہیں اور وہی سب کچھ سننے والا، سب کچھ دیکھنے والا ہے۔‘‘ اس آیت میں اللہ تعالیٰ نے اپنے لیے سماعت و بصارت ثابت کی ہے۔ اور اس سے قبل اپنی مماثلت کی نفی کی ہے ۔پس یہ آیت دلیل ہے کہ صفات کو ثابت ماننے سے تشبیہ لازم نہیں آتی ۔اور کوئی بھی چیز اپنی ذات و صفات اور افعال میں اللہ تعالیٰ سے مشابہت نہیں رکھتی۔  توحید اسماء و صفات دو ارکان پر قائم ہوتی ہے؛ جو کہ اس آیت اور سورت اخلاص میں جمع ہیں ؛ اوروہ ہیں : بغیر تعطیل کے تنزیہ ؛ اور بغیر تمثیل کے اثبات ۔ پس جو کوئی ان اسماء و صفات میں سے کسی ایک چیز کا انکار اور نفی کرے تو وہ مؤمن نہیں ہوسکتا۔ اور ایسے ہی جو کوئی ان کی کیفیت بیان کرے؛ یا مخلوق کی صفات میں سے کسی کے ساتھ تشبیہ دے ۔ اللہ تعالیٰ ان باتوں سے بلند و بالا ہیں جو کچھ یہ ظالم کہتے ہیں ۔  ٭٭٭
Flag Counter