Maktaba Wahhabi

87 - 331
غیر اللہ کوئی بھی ہو اس کو پکارنے کے بطلان پر مندرجہ بالا آیت ثبوت کے لئے کافی ہیں۔اگر وہ نبی یا اللہ کا نیک بندہ ہے تو اللہ تعالیٰ نے اس کو اپنی ہی خالص عبادت کے شرف سے مشرف فرمایا ہے۔اور اس کے قلب میں یہ بات راسخ کر دی ہے کہ وہ اللہ تعالیٰ کو اپنا رب اور معبود حقیقی مانے اور توحید کے اس مقام پر راضی رہے۔پس جو شخص خود عابد و پرستار ہو وہ معبود کیسے بن سکتا ہے؟ جبکہ اللہ تعالیٰ نے اس کو شرک سے مجتنب و گریزاں رہنے کی تاکید فرمائی ہے۔ وَالَّذِیْنَ تَدْعُوْنَ مِنْ دُوْنِہٖ مَا یَمْلِکُوْنَ مِنْ قِطْمِیْرٍ اِنْ تَدْعُوْھُمْ لَا یَسْمَعُوْا دُعَائَ کُمْ وَلَوْ سَمِعُوْا مَا اسْتَجَابُوْا لَکُمْ وَ یَوْمَ الْقِیٰمَۃِ یَکْفُرُوْنَ بِشِرْکِکُمْ وَلَا یُنَبِّئُکَ مِثْلُ خَبِیْرٍ(فاطر:۱۳۔۱۴)۔ اُسے چھوڑ کر جن دوسروں کو تم پکارتے ہو وہ ایک پرکاہ(کھجور کی گٹھلی کے چھلکے)کے بھی مالک بھی نہیں ہیں۔انہیں پکارو تو وہ تمہاری دُعائیں سن نہیں سکتے اور سن لیں تو ان کا تمہیں کوئی جواب نہیں دے سکتے۔اور قیامت کے روز وہ تمہارے شرک کا انکار کر دیں گے۔حقیقت حال کی ایسی صحیح خبر تمہیں ایک خبردار کے سوا کوئی نہیں دے سکتا۔ اس آیت میں اللہ تعالیٰ نے ان انبیاء،ملائکہ اور اصنام وغیرہ کا،جن کی عبادت کی جاتی ہے،عجز اور ضعف بیان فرمایا اور بتایا کہ یہ کیوں عبادت و پرستش کے حقدار نہیں۔اس کی سب سے بڑی وجہ یہ بیان فرمائی کہ یہ ان اسباب و صفات سے محروم ہیں جن کا ایک معبود میں پایا جانا ضرور ی ہے۔ان اسباب میں سرفہرست مندرجہ ذیل تین اسباب ہیں:(۱)۔معبود کو مالک اور صاحب اختیار ہونا چاہیئے۔(۲)۔مدعو(معبود)کے لئے ضروری ہے کہ وہ دعاء اور آہ و بکا کرنے والے کی گریہ و زاری سنتا ہو۔نیز:(۳)۔دُعا سن کر اس کو قبول کرنے کی قدرت و طاقت بھی رکھتا ہو۔ان تین شروط میں سے اگر ایک بھی کم ہو تو ان کی دعوت باطل ہو جاتی ہے۔کجا یہ کہ تینوں ناپید ہوں۔غیر اللہ کی عدم ملکیت مندرجہ ذیل آیات سے عیاں ہوتی ہے:(ترجمہ)’’یہ لوگ اللہ کریم کے سوا ایسوں کو پوجتے ہیں جو اِن کو آسمانوں اور زمین میں روزی دینے کا ذرا بھی اختیار نہیں رکھتے اور نہ کسی دوسری چیز کی طاقت رکھتے ہیں۔‘‘(النحل:۷۳)۔(ترجمہ)’’فرما دیجئے کہ جن کو تم اللہ کے سوا معبود خیال کرتے ہو اِ ن کو بلاؤ وہ آسمانوں اور زمین میں ذرہ بھر چیز کے بھی مالک نہیں ہیں اور نہ ان میں ان کی شرکت ہے اور نہ ان میں سے کوئی اللہ کا مددگار ہے۔‘‘(سبا:۲۲)۔
Flag Counter