Maktaba Wahhabi

149 - 331
عثمان الہندی سے روایت کرتے ہیں کہ ابی عثمان نے کہا:ولید کے پاس ایک جادوگر آیا اور اس نے ایک شخص کو ذبح کر کے اس کا سر تن سے جدا کردیا۔ہم بہت حیرا ن ہوئے اور ہمارے تعجب کی کوئی انتہا نہ رہی چند لمحوں کے بعد جادوگر نے اس شخص کا سر دوبارہ ملا دیا اور وہ صحیح سالم ہوگیا۔اتفاق سے سیدنا جندب الازدی رضی اللہ عنہ وہاں آگئے،انہوں نے آگے بڑھ کر جادوگر کو قتل کردیا۔ جادوگر کا قتل کرنا تین صحابہ کرام رضوان الله علیہم اجمعین سے ثابت ہے اور وہ یہ ہیں۔(۱)سیدنا عمر بن الخطاب رضی اللہ عنہ(۲)اُمّ المؤمنین حفصہ رضی اللہ عنہا۔(۳)سیدنا جندب الازدی رضی اللہ عنہ۔والله اعلم۔ فیہ مسائل ٭ جبت اور طاغوت کے معنٰی اور ان میں فرق واضح کرنا۔٭طاغوت کبھی جنوں اور کبھی انسانوں میں سے بھی ہوتا ہے۔٭خصوصاً ان سات امور،جو انتہائی مہلک اور جن سے خصوصی طور پر بچنے کا حکم دیا گیا ہے،کی معرفت۔٭جادوگر وں کو کافر قرار دیا گیا ہے۔٭جادوگر کو بلا توبہ کرائے قتل کردیا جائے۔٭جادوگر سیدنا عمر رضی اللہ عنہ کے دور میں بھی تھے،ان کے بعد ان کا وجود کیونکر ناممکن ہوسکتا ہے ؟ بابُ: بیان شیٔ من انواع السحر اس باب میں جادو کی چند اقسام بیان کی گئی ہیں قال احمد حدثنا محمد بن جعفر حدثنا عوف بن حیان ابن العلاء حدثنا قطن بن قبیصۂ عن ابیہ انہٗ سمع النبی صلی اللّٰه علیہ وسلم قَالَ إِنَّ الْعِیَافَۃَ وَ الَّطرْقَ وَ الطیرَۃَ مِنَ الْجِبْتِ امام احمد رحمہ اللہ فرماتے ہیں کہ سیدنا مخارق رضی اللہ عنہ نے رسول اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کو یہ فرماتے ہوئے سنا کہ پرندوں کو اڑانا،زمین پر خطوط کھینچنا اور کسی کو دیکھ کر فالِ بدلینا،سب جادو کی اقسام ہیں۔
Flag Counter