Maktaba Wahhabi

238 - 331
ہم تیری کماحقہ عبادت نہ کر سکے اور تیری قدر کا بھی حق ادا نہ کر سکے۔لہٰذا ہمیں اجازت دے کہ تیرے سامنے تجھے سجدہ کریں۔اللہ تعالیٰ فرمائے گا کہ یہ جگہ عبادت اور تکلیف کی نہیں ہے۔یہ ایسا گھر ہے جہاں سے انعام و اکرام کی بارش ہو گی۔میں نے اب عبادت کرنے کا بوجھ ختم کر دیا ہے۔اب جو چاہتے ہو سوال کرو کیونکہ اس وقت جو مانگو گے وہ ملے گا۔چنانچہ کم ازکم جس کا سوال ہو گا وہ یہ ہو گا کہ اے اللہ! دنیا والے دنیا کے حصول میں ایک دوسرے کی ریس کرتے رہے اور باہم خطرہ میں مبتلا رہے۔اے میرے رب تو مجھے ہر وہ چیز عطا کر چکا جو دنیا والوں کو تو نے ابتدائے آفرینش سے لے کر دنیا ختم ہونے تک دی تھی۔تو اللہ تعالیٰ فرمائے گا کہ آج تیری آرزوئیں بڑی مختصر ہیں۔تو نے اپنے مرتبہ کے مطابق سوال نہیں کیا۔یہ تو میں نے تجھے دیا اور میں تجھے اپنے مرتبے کے مطابق تحفہ دوں گا۔کیونکہ میری عطا میں بخیلی اور کوتاہی نہیں ہے۔پھر اللہ تعالیٰ فرمائے گا کہ میرے بندوں کے سامنے وہ چیزیں پیش کرو جہاں تک اُن کی آرزوئیں نہیں پہنچیں اور ان کے دل میں ان کا خیال تک بھی نہیں آیا۔پھر دوسرے ان کو یاد دلائیں گے۔یہاں تک کہ ان کی آرزوئیں ختم ہو جائیں گی۔یعنی وہ ساری چیزیں جو اُن کے دل میں ہو گی پھر جو وہ ان پر پیش کریں گے ان میں گھوڑے بھی ہوں گے۔ہر چارجتے ہوئے گھوڑوں پر ایک ہی یاقوت کا تخت بچھا ہوا ہو گا۔اور ہر تخت پر خالص سونے کا ایک قبہ ہو گا ان میں سے ہر قبے میں جنتی بستر بچھے ہوں گے۔ان میں سے ہر قبے میں نوجوان سفید رنگ موٹی موٹی آنکھوں والی حوریں ہوں گی۔ان میں سے ہر لڑکی پر جنتی کپڑوں میں سے دو کپڑے ہوں گے اور جنت کا کوئی رنگ ایسا نہ ہو گا جو اِن دونوں کپڑوں میں نہ ہو۔اور کسی عطر کی خوشبو ایسی نہ ہو گی جس کی مہک ان کپڑوں سے نہ آتی ہو۔ان کے چہروں کی چمک قبے کی دبیز تہوں سے پار ہو جائے گی۔یہاں تک کہ جو اُن کو دیکھے گا وہ سمجھے گا کہ یہ قبے سے باہر ہیں۔ان کی ہڈی کا گودا پنڈلی کے اوپر سے ایسا نظر آئے گا جیسے سرخ یاقوت میں سفید دھاگہ پرو رکھا ہو۔وہ عورتیں اپنے شوہر کو دیکھ کر محسوس کریں گی کہ اس کو اپنی سہیلیوں پر ایسی فضیلت ہے جیسے سورج کو پتھر کے ٹکڑے پر،یا اس سے بھی بہتر اور وہ بھی ان دونوں کو ایسا ہی دیکھے گا۔پھر جنتی شخص اُن کے پاس جائے گا تو وہ اُسے سلام کہیں گی۔اُس کا بوسہ لیں گی۔اور اُس سے بغل گیر ہوں گی اور اس سے کہیں گی اللہ کی قسم! ہمارے تو وہم و گمان میں بھی نہ تھا کہ اللہ نے تجھ جیسے آدمی پیدا کئے ہوں گے۔اس کے بعد اللہ تعالیٰ ملائکہ کو حکم دے گا اور وہ فرشتے ان اہل جنت کو جنت میں صف بناکر لے چلیں گے۔اور چلتے چلتے اُس مقام تک جا پہنچیں گے جو اُن کے لئے رب کریم نے تیار کیا ہے۔‘‘
Flag Counter