Maktaba Wahhabi

24 - 331
اور اﷲتعالیٰ نے اپنے کلامِ حکیم میں بنی نوع انسان کو خبردار کیا: ((هَٰذَا بَلَاغٌ لِّلنَّاسِ وَلِيُنذَرُوا بِهِ وَلِيَعْلَمُوا أَنَّمَا هُوَ إِلَٰهٌ وَاحِدٌ وَلِيَذَّكَّرَ أُولُو الْأَلْبَابِ)) (إبراہیم 52:14) ’’یہ(قرآن) انسانیت کے لیے ایک پیغام ہے تاکہ انھیں اس کے ذریعے سے خبردار کیا جائے اور اُنھیں یہ معلوم ہوجائے کہ اکیلا اللہ ہی عبادت کے لائق ہے اور تاکہ اہلِ عقل سوچ سمجھ لیں ۔‘‘ حاصلِ کلام یہ ہوا کہ اگرچہ انسان کو انتخاب کا اختیاردیا گیا ہے مگر وہ مکمل طور پرآزاد نہیں ہے۔ اُ س کی مرضی مستحسن تبھی ہو سکتی ہے جب وہ اﷲ کی مرضی کے مطابق ہو، اس لیے انسان کے پاس کوئی اور چارہ کار نہیں ہے سوائے اس کے کہ وہ اﷲ تعالیٰ کی مرضی کے مطابق زندگی بسر کرے تاکہ جنت کے انعامات کا مستحق ٹھہرے اور اس دنیا کی زندگی ختم ہونے سے پہلے اﷲ کا یہ حکم قبول کر لے: ((وَمَنْ يَبْتَغِ غَيْرَ الإِسْلامِ دِينًا فَلَنْ يُقْبَلَ مِنْهُ وَهُوَ فِي الآخِرَةِ مِنَ الْخَاسِرِينَ)) (آل عمران 85:3) ’’اور جو شخص اسلام کے سوا کوئی اور دین تلاش کرتا ہے تو اس کا وہ دین کبھی قبول نہیں کیا جائے گا۔“ ہمارے لیے آج بھی اﷲ کا حکم یہی ہے کہ ہم سرِ تسلیم خم کر کے اُس کی عائد کردہ شرائط کے تحت صرف اُ سی کی عبادت کریں اور اپنی مرضی کے مطابق اسے سر انجام نہ دیں کیونکہ یہی سیدھا راستہ ہے۔ میری اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ یہ دیباچہ اور پوری کتاب پڑھنے کے بعد اﷲ تعالیٰ آپ کو سیدھے راستے کی ہدایت عطا فرمائے۔ اﷲ کرے کہ حق و صداقت کا نور آپ کے دل و دماغ کو منوّر کر دے، اور آپ کو اس دنیا میں امن اور یقین نصیب ہو اور آخرت میں دائمی مسرتیں عطا ہوں ۔ آمین ((وَإِذَا سَأَلَكَ عِبَادِي عَنِّي فَإِنِّي قَرِيبٌ أُجِيبُ دَعْوَةَ الدَّاعِ إِذَا دَعَانِ فَلْيَسْتَجِيبُوا لِي وَلْيُؤْمِنُوا بِي لَعَلَّهُمْ يَرْشُدُونَ)) (البقرۃ : 186/2)
Flag Counter