Maktaba Wahhabi

194 - 438
انجام کیسا ہوا۔‘‘ ﴿ إِلَّا عِبَادَ اللَّهِ الْمُخْلَصِينَ ﴾ ’’مگراللہ کے خالص کیے ہوئے بندے۔‘‘ اس استثنا کے بارے میں دوقول ہیں: ایک یہ کہ یہ ’’اکثر الاولین‘‘ سے مستثنیٰ ہے کہ یہ مخلص بندے گمراہ نہیں ہوئے۔ یہ بھی ’’منذَرِین‘‘ میں شامل تھے مگر اُنھوں نے ’’منذِرِین‘‘ کی تصدیق کی۔ اور دوسرا قول یہ کہ یہ ’’عاقبۃ المنذرین‘‘ سے مستثنیٰ ہے کہ یہ مخلصین اس برے انجام سے محفوظ رہے۔ ’’مخلَصین‘‘ (ل کے زبر سے) یعنی خالص کیے ہوئے، چنے ہوئے۔ جن کی سعادت مندی ان کی پیدایش سے کیا، زمین و آسمان کی پیدایش سے پچاس ہزار سال پہلے لکھ دی گئی تھی۔ اور وہ وہی ہیں جو اللہ کے لیے خالص ہیں اور اسی کے ہو رہتے ہیں۔ اللہ کے علاوہ کسی کی طرف التفات نہیں کرتے۔ ان کا دل اللہ کی محبت سے سرشار اور ان کی عادات، عبادت سے عبارت، ان کا قول و فعل، ان کی عطا اور ترک عطا، ان کی محبت و عداوت سب اللہ تعالیٰ کے لیے۔ ان مخلصین کا انجام بہترین ہوگا۔ والعاقبۃ للمتقین۔
Flag Counter