Maktaba Wahhabi

99 - 130
شیطان اپنے پورے لشکر کے ساتھ روز ازل سے لگا ہوا ہے تاکہ وہ اولاد آدم کواپنے جیسا بنا لے ۔ اس غرض سے اس کی پٹرولنگ پارٹیاں ہر کونے ، ہر محلے ، ہر جگہ اور ملک میں پھیلی ہوئی ہیں ۔ ان ہی نت نئے پھندوں میں سے ایک نٹ کلب ہے۔ کتنے ہی نوجوان ایسے ہیں جو صبح سے شام تک سارا وقت انٹر نٹ پر ہی گزاردیتے ہیں ۔ اکثر کا انٹرنٹ استعمال کرنے کا مقصد گندی تصاویر، گندی فلم،بے حیائی کے پروگرام ، عریانی اور فحاشی دیکھنا ، چیٹنگ کے ذریعہ لڑکیوں اور لڑکوں کودھوکا دینا، بذریعہ نٹ لوگوں کا مال چرانا اور انہیں تنگ کرنا اور اس طرح کے دیگر پروگرام ہوتے ہیں ؛ جن کا فائدہ کچھ بھی نہیں ، سراسر نقصان ہی نقصان ہے ۔ انسان کاہر عضواللہ تعالیٰ کے ہاں جوابدہ ہے ، اور آپ ان اعضاء کے امین ہیں ۔یہ اچھی طرح سوچ لیں کہ اس وقت کیا جواب دیں گے ، جب اپنا ہی جسم بھی ساتھ چھوڑ دیگا ۔ اور جسم کا ہر حصہ انسانی کردار اور افعال پر گواہ بن جائے گا ۔ اس لیے ہم اپنے بھائیوں کو بالخصوص وہ جنہیں علم ہے کہ وہ خود پر ضبط نہیں رکھ سکتے ، منع کرتے ہوئے کہتے ہیں کہ ان کے حق میں ان کلبوں میں جانا حرام ہے ۔کیونکہ اس سے حرام کام میں واقع ہونے کا خدشہ ہے ۔ اور شریعت کا اصول ہے : ((مَا لَا یَتِمُّ الْوَاجِبُ إِلاَّ بِہٖ فَہُوَ وَاجِبٌ۔)) ’’ جس چیز کے بغیر واجب پورا نہ ہو سکتا ہو اس کا کرنا واجب ہوجاتا ہے ۔‘‘ فراغت کی نعمت: شب وروز اور ماہ وسال کے طویل اوقات میں ملنے والی فراغت اللہ تعالیٰ کی بہت بڑی نعمت ہے ، مگر ہم اس کے قدر دان نہیں ۔ سچ فرمایارسول صلی اللہ علیہ وسلم نے : ’’ لوگوں میں دو نعمتیں ایسی ہیں جن کی قدر نہیں ، صحت اور فراغت ۔‘‘(صحیح / ابن ماجہ)
Flag Counter