Maktaba Wahhabi

14 - 358
تردید و ابطال کے نقطئہ نظرسے، فاضل مصنف کی مخالف موقف پر گہری نظر، اور پھر شائستہ اورجچے تلے انداز میں، ان کی تردید و تنقید، محاسنِ تصنیف کو فزوں تر کر دیتی ہے۔ خوبی استدلال اور حسنِ استنباط کے پہلو پر نظر ڈالی جائے، تو اصول و جزئیات کا کامل احصاء، متعلقہ نصوص سے حسنِ استدلال، دقتِ نظر اور ژرف نگاہی کے ساتھ استنباط، اور پھر ایجاز و جامعیت کا بھرپور اظہار، مصنف اور اس کی تصنیف کی نمایاں خصوصیات قرار پاتی ہیں۔ اور سب سے بڑی خوبی یہ کہ مصنف نے زوالِ شریعت اور انحطاطِ دین کے، اس دور میں، جہاں متجددین اسلام کا نام لے کر ہی مخالفتِ اسلام پر تلے ہوئے ہیں، نہ صرف یہ کہ منہجِ سلف کو برقرار رکھا ہے، بلکہ اسلامی غیرت اور سلفی حمیت کا دامن بھی اُن کے ہاتھ سے چھوٹنے نہیں پایا۔ ان خصوصیات کی بنا پر، میرے نزدیک، یہ کتاب ’’فتنہ غامدیت‘‘ کے خلاف، ایک وقیع اور قابلِ قدر دستاویز ہے، جس کے لیے مصنف جناب حضرت مولانا حافظ صلاح الدین یوسف، بجا طور پر، مستحقِ مبارک باد ہیں۔ اللہ تعالیٰ سے دعاہے کہ وہ مصنف کی اس گراں قدر دینی خدمت کو اُن کے لیے آخرت میں بخشش کا ذریعہ بنائے اور اُن کی تصنیف کو عامۃالناس کے لیے ذریعۂ ہدایت بنائے۔ آمین ثم آمین۔
Flag Counter