Maktaba Wahhabi

31 - 315
’’ عبد اللہ بن عمرو بن العاص رضی اللہ تعالیٰ عنہ سے روایت ہے فرماتے ہیں کہ ہم حضور صلی اللہ علیہ وسلم کے ارد گرد بیٹھے کچھ لکھ رہےتھے کہ کسی نے پوچھا کہ اے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم قسطنطنیہ اور روم میں سے کون سا شہر پہلے فتح ہوگا؟ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے جواب دیا کہ ہرقل کا شہر یعنی قسطنطنیہ پہلے فتح ہو گا۔‘‘ قسطنطنیہ یا استنبول تو پہلے ہی(1453میں) ترکی خلیفہ محمد بن الفاتح کےہاتھوں فتح ہو چکا ہے اب اٹلی کی راجدھانی روم کی باری ہے اور ہمیں یقین ہے کہ حضور صلی اللہ علیہ وسلم کی بشارت کے مطابق کبھی نہ کبھی یہ شہر بھی اسلامی حکومت کے دائرہ اختیار میں آئے گا اور یہ وہ وقت ہو گا جب اسلام طاقتور بن کر دوبارہ یورپ میں داخل ہو گا۔ الحمد للہ اسلام کے غلبہ کی علامتیں اب ظاہرہونے لگی ہیں۔ اسلامی بیداری کی لہر ہر طرف سے اٹھ رہی ہے۔ غیر مسلموں میں بھی اسلام سے واقفیت کا جذبہ ابھر رہا ہے اور مسلمان بھی رفتہ رفتہ بدعات و خرافات کے چکروں سے نکل کر صحیح اسلام کی طرف لوٹ رہے ہیں وہ جابر و فاسق نظام حکومت نیست و نابود ہو رہے ہیں جنھوں نے اسلام پر پابندی لگا رکھی تھی اور مسلمانوں کو بزور طاقت اسلام سے دور کر رکھا تھا۔ مثال کے طور پر کمیونزم کا جنازہ نکل چکا ہے اور بہت سارے ایسے مسلم ممالک آزاد ہو چکے ہیں جہاں پر پہلے کمیونزم نے اسلام پر پابندی لگا رکھی تھی بلکہ ہر اسلامی شناخت کو ختم کرنے کا فیصلہ کر رکھا تھا جو حال کمیونزم کا ہوا ہے ان شاء اللہ وہی حال ان تمام نظام ہائے حکومت کا بھی ہو گا جو اسلام کی راہ میں رکاوٹ بنیں گے۔ بشرطیکہ امت مسلمہ میں جب ایسے غرباء اٹھ کھڑے ہوں جنھیں مذکورہ حدیث میں بشارت دی گئی ہے۔ امت مسلمہ میں جب ایسےغرباء پیدا ہوں گئے تو یقیناً اسلام کو فتح و نصرت اور غلبہ حاصل ہو گا اور وہ ہوگا جو اللہ نے فرمایا ہے: "وَيَوْمَئِذٍ يَفْرَحُ الْمُؤْمِنُونَ بِنَصْرِ اللّٰهِ " (الروم:4) ’’ اس دن مسلمان اللہ کی نصرت و مدد سے خوش ہو جائیں گے۔‘‘
Flag Counter