Maktaba Wahhabi

267 - 402
میں اپنے خاص پیرائے میں کی جانے والی تقریر میں سامعین میں ایسا جذبہ پیدا کریں کہ وہ مالی فراہمی کی طرف آمادہ ہو جائیں اور رات کے اجلاس میں مولانا محمد حسین صاحب کو بلا کر فرمایا کہ آپ حافظ صاحب کی پیدا کردہ ترغیب کو آگے بڑھاتے ہوئے اخراجات کی طرف متوجہ کریں۔ان شاء اﷲ آپ دونوں کی یہ محنت اور خطابتی بہار نتیجہ خیز ثابت ہو گی۔چنانچہ دونوں مقررینِ باصفا نے مولانا سلفی کی اس تجویز،بلکہ ایما پر بخوبی عمل کیا اور عام معمول سے ذرا ہٹ کر خطابتی صلاحیتوں کو بروئے کار لایا گیا،جس کے اثرات یہ ہوئے کہ نہ صرف عوام الناس نے دل کھول کر چندہ دیا،بلکہ عورتوں کے پنڈال سے رومال بھر کر زیورات بھیجے گئے۔یہ تھے ہمارے نامور و معتبر اور جذبۂ دین و خلوص سے سرشار اسلاف کہ جن کی ایک آواز اور اپیل پر ایسی مقناطیسی کشش پائی جاتی تھی کہ بڑے بڑے عقدے اور مسئلے ایک آن میں حل ہو جایا کرتے تھے،مگر اب بقولِ اقبال ع گنوا دی ہم نے جو اسلاف سے میراث پائی تھی ثریا سے زمین پر آسمان نے ہم کو دے مارا ٭٭٭
Flag Counter