Maktaba Wahhabi

148 - 402
میاں فضل حق ۔۔۔ایک اَن تھک قائد (پیدایش: 1920ء ،وفات: 12 جنوری 1996ء) میاں فضل حق مرحوم کو اس دنیائے رنگ و بو سے گئے ہوئے ایک عشرے سے زائد عرصہ ہو رہا ہے،مگر اُن کی شب و روز کی جماعتی سرگرمیاں اور جامعہ سلفیہ کے لیے بھاگ دوڑ کی خوب صورت یادیں تاحال دل و دماغ کی دنیا میں تازہ ہیں۔بلاشبہہ وہ ایک اَن تھک قائد و راہنما،زہد و تقویٰ کے پیکر،عالی ہمت اور جراَت و عظمت کے حسین امتزاج تھے۔کامیاب تاجر اور صنعت کار ہونے کے باوجود وہ بود و باش،تہذیب و تمدن اور اسلامی اخلاق و اقدار کا بہترین نمونہ تھے۔دین کی تڑپ اور اس کی ترویج و اشاعت کا ان جیسا جذبہ بہت کم لوگوں میں دیکھا گیا ہے۔ میاں صاحب روزِ اول یعنی 1955ء سے مرکزی جمعیت اہلِ حدیث سے نہ صرف وابستہ رہے،بلکہ ایک مدت تک قریباً اٹھائیس انتیس برس نظامتِ علیا کے بلند منصب پر فائز رہے۔اس طویل دورانیے میں مرکزی جمعیت کے اکابر حضرت سید محمد داود غزنوی،حضرت مولانا محمد اسماعیل سلفی،حضرت حافظ محمد گوندلوی،حضرت مولانا معین الدین لکھوی رحمہم اللہ اور امیر محترم پروفیسر علامہ ساجد میر حفظہ اللہ کا انھیں ہمیشہ مکمل اعتماد حاصل رہا۔مولانا غزنوی نے ابتدا ہی سے علما کے ساتھ تاجر طبقے کو جمعیت کے اعلیٰ اداروں کابینہ اور عاملہ میں شامل رکھا،تاکہ جماعتی پروگراموں اور منصوبوں کی انجام دہی میں مالیات کی کمی آڑے نہ آئے۔
Flag Counter