Maktaba Wahhabi

245 - 402
مولانا عبدالعزیز حنیف (پیدایش: یکم جنوری 1940ء ،وفات: 9 ستمبر 2016ء) کہتے ہیں کہ مولانا ابو الکلام آزاد کا کلکتہ میں ایک موقعے پر خطبۂ عید اس شعر سے شروع ہوا ع عید آمد و افزود غم را غم دیگر ماتم زدہ را عید بود ماتم دیگر ’’یعنی عید آئی تو مرے غم کو دگنا کر گئی۔کسی ماتم زدہ کے لیے تو عید ایک اور ماتم ہوتی ہے۔‘‘ ہمارے بھی حال احوال ان دنوں کچھ اسی شعر کے مصداق ہیں۔ابھی ہم مولانا حافظ عبدالحمید ازہر رحمۃ اللہ علیہ،مولانا محمد اسحاق بھٹی اور عزیز رفیق ماسٹر حبیب اﷲ کے سانحاتِ ارتحال کے تسلسل سے غمزدہ تھے کہ عید الاضحی سے چند روز قبل خطبہ جمعہ ارشاد فرماتے ہوئے بچپن کے دوست اور مرکزی جمعیت اہلِ حدیث کے راہنما مولانا عبدالعزیز حنیف دل کے عارضے سے نڈھال ہو گئے،انھیں ہسپتال لے جایا گیا،طبی امداد دے کر اور اطمینان دلا کر ڈاکٹروں نے گھر بھیج دیا،لیکن پھر نمازِ عصر کا وضو کرتے ہوئے دوسرے دورۂ دل سے آخرت کے راہی بن گئے۔إنا اللّٰہ وإنا إلیہ راجعون۔ان کی عمر 75 برس تھی۔
Flag Counter