Maktaba Wahhabi

97 - 190
بائیں رہتے ہیں۔ دائیں طرف کا فرشتہ انسان کے امورِ خیر کو قلمبند کرتا ہے جبکہ بائیں جانب کا فرشتہ انسان کے امورِ شر کو لکھتا ہے، اور ان فرشتوں کے بارے میں فرمایاگیا ہے کہ وہ﴿قَعِیْدٌ ﴾ہیں۔ یہاں قعِیْدٌ بمعنی قاعد کے ہیں یعنی بیٹھے ہوئے۔ جیسے’’ جلیس ‘‘، بمعنی ’’جالس ‘‘ہے۔ مگر فرق یہ ہے کہ’’ قاعد‘‘ اور’’ جالس‘‘ بیٹھنے والے کو کہتے ہیں، جبکہ جلیس اور قعید ،ساتھی اور مصاحب کے مفہوم میں ہے یعنی ہر آن ساتھ رہنے والے ہیں خواہ کوئی بیٹھا ہو، لیٹا ہو یا چلنے پھرنے والا ہو۔یہ فرشتے بڑے معزز اور باحیا ہیں ، جب انسان بول وبراز کے وقت یا جماع کی ضرورت کے پیشِ نظر اپنی شرمگاہ سے کپڑا اُٹھاتا ہے تو وہ اس سے علیحدہ ہو جاتے ہیں۔(ترمذی:۲۸۰۰مجمع الزوائد: ص۲۹۳ج۴،عبد الرزاق:ص۲۸۵ج۱، رقم:۱۱۰۱)ان فرشتوں کے بارے میں فرمایا کہ وہ ﴿رَقِیْبٌ ﴾یعنی نگران مقرر ہیں اس کی اصل ’’رَقَبَۃٌ‘‘ ہے جس کے معنی گردن کے ہیں۔ نگران بھی اس کی گردن پر نظر رکھتا ہے جس کی نگرانی مقصود ہوتی ہے یا اس لیے کہ وہ نگرانی کے لیے باربار گردن اٹھا کر دیکھتا ہے ان نگرانوں کو انسان کی طرح کا نگران مت سمجھو، جو اپنی ذمہ داری پوری نہیں کرتا، غفلت وسستی اختیار کرجاتا ہے،مگر اللہ تعالیٰ کے نگران ایسے ہیں جو﴿عَتِیْد﴾ بھی ہیں، ہر لحظہ موجود ، حاضر،مستعد اور بروقت تیار رہتے ہیں، ذرہ بھر اس میں کو تا ہی نہیں کرتے ، اور جو انھیں حکم دیا جائے نافرمانی نہیں کرتے، ﴿لََا یَعْصُوْنَ اللَّہَ مَا أَمَرَہُمْ وَیَفْعَلُوْنَ مَا یُؤْمَرُوْنَ﴾ (التحریم:۶)فرشتوں کی اسی ذمہ داری کا ذکر ایک اور مقام پر یوں ہے: ﴿وَإِنَّ عَلَیْکُمْ لَحَافِظِیْنَoکِرَاماً کَاتِبِیْنَo یَعْلَمُوْنَ مَا تَفْعَلُوْنَo ﴾ ( الانفطار:۱۰،۱۱،۱۲) ’’اور بے شک تم پر نگران مقرر ہیں، ایسے معزز کاتب ہیں جو تمھارے ہر فعل کو جانتے ہیں‘‘ یعنی یہ فرشتے بڑے معزز ومکرم ہیں، اللہ تعالیٰ کے سچے اطاعت گزار ہیں،کسی پر کوئی زیادتی نہیں کرتے ،نہ انھیں کسی سے ذاتی محبت ہے نہ ہی عداوت،جو کچھ وہ دیکھتے سنتے ہیں، بغیر کسی رو رعایت اور بغیر افراط و تفریط کے بالکل صحیح صحیح سب کچھ لکھ رہے
Flag Counter