وقت کی اہمیت:
کسی بھی چیزکی قدر و قیمت کا صحیح معنوں میں حقیقی احساس ہونے کے لیے انسان کا احساس اور شعور بیدا ر ہونا چاہیے۔ انسان کا احساس اور شعور بیدار ہونے کے لیے عزم و ہمت لازمی اور اساسی اکائی ہے ۔ احساس کی عدالت میں انسان اپنے عزائم اور ارادوں کا جائزہ لے کر ان کی درست سمت کاتعین کر سکتا ہے؛ اور حقائق کا ادراک کرتے ہوئے اپنے نفس کا احتساب کرتے ہوئے آئندہ کے لیے ٹھوس منصوبہ بندی کرسکتا ہے۔ اور یقیناً احتساب ہی ایسا مبارک عمل ہے جس کے نتیجہ میں انسان کو صحیح کامیابی مل سکتی ہے ۔ روزانہ سونے سے قبل اپنے نفس کا محاسبہ کرنے کے لیے اگرچہ چند لمحات درکارہوتے ہیں ، مگر آنے والی زندگی ان چند سنجیدہ لمحات کا بہت ہی مبارک اور خوش کن اثر مرتب ہوسکتا ہے۔
صبح و شام کے یہ دلکش و دلفریب لمحات ہر غریب و امیر ، چھوٹے بڑے ، مرد اور عورت کو برابر ملتے ہیں اگر ہر صبح ایک نئے عزم سے شروع کی جائے ، اور ہر رات کو اپنے دن کے کڑے اور مثبت احتساب پر ختم کیا جائے تو انسان کی زندگی میں کامیابی کا ایک ایسا انقلاب آسکتا ہے جو اس کے تصور اور سوچ سے بھی بڑھ کر اور بالا تر ہو۔محمد بشیر جمعہ کہتے ہیں :
’’وقت ایک بے مثال ذریعہ اور وسیلہ ہے ۔ یہ فوری طور پر ضائع ہونے والی ایسی چیز ہے جسے نہ ہی چھوا جاسکتا ہے ، اور نہ ہی کسی طریقہ سے ذخیرہ کیا جاسکتا ہے ۔ یہ برف کی طرف ہے ، اگر آپ اسے استعمال نہ کریں اور باہر رہنے دیں تو پگھل جائے گی ۔ وقت کا کوئی نعم البدل نہیں ۔ اسے آپ پیشگی استعمال نہیں کرسکتے ، اور نہ ہی پیشگی ضائع کرسکتے ہیں ۔ اگر آپ اسے ضائع کردیں گے تو تسلسل ِ وقت کے باعث اگلے لمحات آجائیں گے۔ بہر حال آپ گزرے ہوئے لمحات کو پکڑ نہیں سکتے ۔ آپ دو اوقات کے درمیان کوئی رکاوٹ پیدا کرکے فاصلہ بھی پیدا نہیں کرسکتے ۔ کیونکہ یہ تسلسل کے ساتھ آرہا ہے ، اور تسلسل کے
|