Maktaba Wahhabi

120 - 219
عَنْ اَبِیْ ہُرَیْرَۃَ رضی اللّٰہ عنہ قَالَ : قَالَ رَسُوْلُ اللّٰہِ صلی اللّٰہ علیہ وسلم ((ضِرْسُ الْکَافِرِ یَوْمَ الْقِیٰمَۃِ مِثْلُ اُحُدٍ وَ عَرْضُ جِلْدِہٖ سَبْعُوْنَ ذِرَاعًا وَ عَضُدَہٗ مِثْلُ الْبَیْضَائَ وَ فَخِذْہُ مِثْلُ وَرْقَانَ وَ مَقْعَدُہٗ مِنَ النَّارِ مِثْلَ مَا بَیْنِیْ وَ بَیْنَ الرُّبَذَۃِ )) روَاہُ اَحْمَدُ وَالْحَاکِمُ [1] (صحیح) حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ کہتے ہیں رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا ’’قیامت کے روز کافر کی داڑھ اُحد (پہاڑ)کے برابر ہوگی اوراس کی کھال کی موٹائی ستر ہاتھ (تقریباً ایک سو فٹ) اس کا بازو بیضاء (پہاڑ) کے برابر اور ران ورقان (پہاڑ) کے برابر ہوگی ۔ اس کے بیٹھنے کی جگہ اتنی ہوگی جتنی میرے اور ربذہ (گاؤں)کے درمیان فاصلہ ہے۔‘‘ اسے احمد اور حاکم نے روایت کیا ہے۔ وضاحت :مختلف احادیث میں جہنمیوں کے حالات مختلف بیان فرمائے گئے ہیں ۔ کہیں کھال کی موٹائی بیالیس ہاتھ (تقریباً60فٹ( کہیں کھال کی موٹائی ستر ہاتھ (تقریباً 100فٹ( بیان کی گئی ہے۔ یہ فرق جہنمیوں کے گناہوں اور جرائم کے مطابق ہوگا۔ واللّٰہ اعلم بالصواب ! مسئلہ 161:بعض کافروں کا جسم اتنا بڑا کردیاجائے گا کہ وہ وسیع و عریض جہنم کے ایک کونے میں سما جائیں گے۔ عَنِ الْحَارِثِ بْنِ اَقْیَشٍ رضی اللّٰہ عنہ اَنَّ رَسُوْلَ اللّٰہِ صلی اللّٰہ علیہ وسلم قَالَ ((اِنَّ مِنْ اُمَّتِیْ مَنْ یَعْظَمُ لِلنَّارَ حَتّٰی یَکُوْنَ اَحَدَ زَوَایَاہَا )) روَاہُ ابْنُ مَاجَۃَ[2] (صحیح) حضرت حارث بن اقیش رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا ’’میری امت میں سے بعض لوگ ایسے ہوں گے جنہیں جہنم (میں ڈالنے) کے لئے اتنا بڑا کردیا جائے گا کہ وہ جہنم کا ایک کونہ ہوں گے۔ (یعنی ایک کونہ میں سما جائیں گے)‘‘ اسے ابن ماجہ نے روایت کیا ہے۔ ٭٭٭
Flag Counter