Maktaba Wahhabi

487 - 559
نیز رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ’’یہود و نصاریٰ خضاب نہیں لگاتے تم ان کی مخالفت کرو۔‘‘[1] اگرچہ تاکید اسی بات کی ہے کہ داڑھی اور سر کے سفید بالوں کو سیاہی کے علاوہ کسی بھی دوسرے رنگ میں رنگا جائے لیکن انہیں سفید رکھنا بھی جائز ہے۔ جیسا کہ سیدنا انس رضی اللہ عنہ کا بیان ہے کہ ’’رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے اپنے بالوں کو نہیں رنگا کیوں کہ چند سفید بال آپ کی داڑھی، کنپٹی میں تھے۔ نیز تھوڑے سے سفید بال آپ صلی اللہ علیہ وسلم کے سر مبارک میں بھی تھے۔‘‘[2] چند ایک صحابہ کرام رضی اللہ عنہم بھی ایسے تھے جن کی داڑھی اور سر کے بال سفید تھے۔ جیسا کہ امام شعبی رحمہ اللہ بیان کرتے ہیں: ’’میں نے سیدنا علی رضی اللہ عنہ کو دیکھا کہ ان کے سر اور داڑھی کے بال سفید تھے۔‘‘[3] سیدنا عبداللہ بن عمرو رضی اللہ عنہما کے سر اور داڑھی کے بال بھی سفید تھے۔[4] سیدنا عمران بن حصین رضی اللہ عنہ کے متعلق بھی روایات میں ہے کہ ان کے سر اور داڑھی کے بال سفید تھے۔ [5] ان احادیث و آثار سے معلوم ہوتا ہے کہ سفید بالوں کو رنگنا مستحب ہے، البتہ اگر کوئی سفید رکھتا ہے تو اس میں بھی جواز کا پہلو ہے۔ واللہ اعلم! ٭٭٭
Flag Counter