Maktaba Wahhabi

367 - 559
یگرے متعدد خاوند ہوں تو جنت میں کس شوہر کے ساتھ ہو گی؟ اس کے متعلق اہل علم کے تین اقوال مشہور ہیں: ۱۔ ایسی خاتون اپنے ساتھ سب سے اچھا برتاؤ کرنے والے خاوند کے ساتھ ہو گی۔ اس سلسلہ میں سیدہ ام حبیبہ رضی اللہ عنہا سے مروی ایک حدیث بطور دلیل پیش کی جاتی ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ’’ایسی خاتون جنت میں اس شوہر کے ساتھ رہے گی جو اس کے ساتھ اچھا سلوک کرتا ہو گا، کیوں کہ حسن سلوک دنیا و آخرت کی بھلائیاں سمیٹ لیتا ہے۔‘‘… لیکن یہ روایت سخت ضعیف ہے کیوں کہ اس روایت کی سند میں متعدد مجروح قسم کے راوی ہیں۔ ۲۔ ایسی خاتون کو جنت میں اختیار دیا جائے گا کہ وہ جس کے پاس چاہے رہے، اس موقف کو علامہ ابن عثیمین رحمہ اللہ نے اختیار کیا ہے۔ جیسا کہ انہوں نے اپنے فتاویٰ میں صراحت کی ہے۔ ۳۔ وہ عورت، سب سے آخری خاوند کی بیوی ہو گی بشرطیکہ وہ اللہ کی رحمت سے جنت میں پہنچ جائے۔ ہمارے نزدیک یہی موقف راجح ہے جس کے دلائل حسب ذیل ہیں: ایسی عورت اپنے آخری شوہر کی بیوی ہو گی۔ [1] اس کی تفصیل یہ ہے کہ جب سیدنا ابو الدرداء رضی اللہ عنہ فوت ہوئے اور ان کی بیوی نے عدت وفات پوری کر لی تو سیدنا معاویہ رضی اللہ عنہ کی طرف سے پیغام نکاح آیا، انہوں نے شادی کرنے سے انکار کر دیا اور سیدنا ابو الدرداء رضی اللہ عنہ کے حوالے سے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کا مذکورہ بالا فرمان سنا دیا۔ مزید کہا کہ میں قیامت کے دن جنت میں اپنے شوہر ابو الدرداء رضی اللہ عنہ کی رفاقت پسند کرتی ہوں۔ سیدنا امیر معاویہ رضی اللہ عنہ نے اپنے جوابی پیغام میں لکھا: ’’ آپ پھر پابندی سے روزے رکھیں، اس سے آپ کی عزت و عصمت محفوظ رہے گی۔‘‘[2] اگرچہ اس کی سند میں بھی محدثین نے کلام کی ہے تاہم مجموعی اعتبار سے یہ قابل حجت ہے اور درج ذیل حدیث بھی اس کی تائید میں پیش کی جاتی ہے کہ ایک بار سیدنا حذیفہ رضی اللہ عنہ نے اپنی بیوی سے کہا: ’’اگر تم چاہتی ہو کہ جنت میں میرے ساتھ رہو تو میرے بعد دوسری شادی نہ کرنا کیوں کہ جنت میں عورت اپنے آخری خاوند کے ساتھ ہو گی۔‘‘ یہی وجہ ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی تمام بیویوں پر آپ کے بعد نکاح کرنے کی پابندی لگائی گئی تاکہ وہ جنت میں آپ کی بیویاں ہوں۔[3] چنانچہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے سیدہ عائشہ رضی اللہ عنہا سے ایک مرتبہ فرمایا تھا: ’’تم دنیا و آخرت میں میری زوجہ ہو۔‘‘[4] اسی طرح سیدہ حفصہ رضی اللہ عنہا کے متعلق بھی سیدنا جبریل علیہ السلام نے آپ صلی اللہ علیہ وسلم سے کہا تھا: ’’وہ جنت میں بھی آپ کی بیوی ہوں گی۔‘‘[5]
Flag Counter