بسم اللّٰه الرحمٰن الرحیم مقدمہ طبع اول الحمد للّٰه والصلوۃ والسلام علی من لا نبی بعدی وحدہ وعلی آله واصحابه من تبعھم الی یوم الدین مسلمانوں کی تاریخ میں انیسویں صدی کا نصف آخر اس لحاظ سے بڑی اہمیت رکھتا ہے کہ اس میں اسلام دشمن طاقتوں نے دوایسے فرقوں کووجود بخشا جنہوں نے مسلمانوں کواسلام کے نام پر گمراہ کرنے میں کوئی کسرنہ اٹھارکھی، انہوں نے اعداء اسلام کی اس دیرینہ خواہش کوپورا کرنے میں اپنی پوری توانائیوں کوصرف کردیا کہ مسلمانوں کو اس کے قبلہ وکعبہ اور ان کی امنگوں اور آرزوؤں کے مراکزمکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ سے منقطع کرکے انہیں ان کے ان دیسوں اور وطنوں میں محصور کردیاجائے جن کے وہ باسی اور شہری ہیں تاکہ وہ مضبوط رابطہ اور تعلق ختم ہوکر وہ جائے جوکروڑوں انسانوں کومشرق سے مغرب اورشمال سے جنوب تک ایک لڑی میں منسلک کیے ہوئے ہےا ور جس کی بناء پر بخاراوسمرقند میں بسنے والے مسلمان وادی نیل کےکلمہ گولوگوں کی ادنیٰ سی تکلیف پرتڑپ اٹھتے اور حجاز ونجد کےصحرانورد اور بادیہ نشین ہمالیہ کے دامنوں میں رہنے والوں اور کشمیر کی بلندیوں پربسنے والوں کی مصیبت کواپنی مصیبت تصور کرتے ہیں۔ |